• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرآن کو سیاسی معاملات کے بیچ نہ لایا جائے، شجاعت حسین

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ قرآن کریم کی حرمت کا تقاضا ہے کہ اس مقدس ترین کتاب کو سیاسی معاملات کے بیچ میں نہ لایا جائے۔

اور اسپیکر قومی اسمبلی کو چاہئے کہ وہ اس بات کو ملحوظ خاطر رکھیں کہ کسی بھی حوالے سے یا کسی بھی طور پر قرآن پاک کے تقدس اور حرمت پر حرف نہ آئے۔ 

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ قومی اسمبلی میں قرآن مجید کو جس طرح موضوع بحث بنایا جا رہا ہے اور قرآنی آیات کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے وہ مناسب نہیں ہے کیونکہ کل کو یہ نہ ہو کہ جیسے بجٹ اجلاس کے موقع پر بجٹ دستاویزات کو پھاڑ کر پھینک دیا جاتا ہے اس طرح کہیں قرآن کریم کی بے حرمتی بھی نہ کر دی جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ کسی بھی جانب سے قرآن مجید کو سیاسی معاملات کے بیچ میں نہ لایا جائے تاکہ اس مقدس ترین کتاب کی حرمت برقرار رہے۔ 

اسپیکر قومی اسمبلی کو اس سلسلہ میں سخت ترین اقدام سے بھی گریز نہیں کرنا چاہئے۔

تازہ ترین