انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے رواں سال جاپان میں ہونے والے اولمپکس گیمز مقابلوں کے دوران ٹیبل ٹینس ریویو (TTR) سسٹم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دہلی میں فیڈریشن کے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس گیمز کے علاوہ رواں سال ہونے والے تمام بڑے انٹرنیشنل ایونٹ میں اس سسٹم سے مقابلوں کے دوران مدد لی جائے گی۔
امپائرز کے فیصلوں پر کھلاڑیوں کی جانب سے اعتراض کے بعد پہلی بار پچھلے سال ورلڈ گراں پری ٹیبل ٹینس ایونٹ میں اس سسٹم کو استعمال کیا گیا، جس کا کھلاڑیوں کی جانب سے مثبت فیڈ بیک ملنے کے بعد اب اسے مستقل بنیاد پر اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں 2022 کی عالمی ٹیم ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کی میزبانی چین کو دی گئی ہے، جبکہ تمام فیڈریشن کو رابطے میں رکھنے کے لیے عالمی فیڈریشن نے خصوصی واٹس اپ گروپ بھی تشکیل دیا ہے۔
اس کے علاوہ کچھ نئے ملکوں کو فیڈریشن کی رکنیت دینے پر بھی غور کیا گیا ہے، جبکہ ٹیبل ٹینس کے قوانین میں تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس کے بارے میں رواں سال مارچ میں ہونے والے ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس میں فیصلے کیے جائیں گے۔