• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلی آئلش نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرکے تاریخ رقم کردی

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)دسمبر 2019 میں 18 سال کی عمر کو پہنچنے والی امریکی پاپ گلوکارہ بلی آئلش نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی۔بلی آئلش کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ امریکی پاپ میوزک انڈسٹری کی وہ پہلی گلوکارہ ہیں جو سال 2000 کے بعد پیدا ہوئیں اور ان کا پہلا میوزک البم ہی شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوا۔بلی آئلش کا پہلا گانا 2017 میں ریلیز ہوا تھا جو انتہائی کم وقت میں امریکا اور برطانیہ کے 15مقبول گانوں میں شمار ہوا۔امریکی پاپ گلوکارہ نے اپنا پہلا میوزک البم ’وین وی آل فال اسلیپ، ویئر ڈو وئی گو‘ 2019 کے آغاز میں ریلیز ہوا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے امریکا اور یورپ میں بے حد مقبول ہوا۔پہلے میوزک البم کے ریلیز ہوتے ہی بلی آئلش کو میوزک کے سب سے معتبر ایوارڈز ’گریمی‘ کے لیے نامزد کیا گیا اور وہ پہلی اداکارہ بنیں جو 17 سال کی عمر میں مذکورہ ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئیں۔انہیں گریمی ایوارڈ کی بہترین نئی گلوکارہ اور بہترین البم کے لیے نامزد کیا گیا۔اسی طرح بلی آئلش کو کم عمر مقبول گلوکارہ سمیت انتہائی کم وقت میں میڈیا کی توجہ حاصل کرنے والی گلوکارہ بھی قرار دیا گیا تھا اور وہ اپنے 22 سالہ بھائی گلوکار فنیس او کنیل کے ساتھ کام کرتی دکھائی دیں۔ اور اب وہ شہرت یافتہ ہولی وڈ جاسوس برطانوی فلم ’جیمز بانڈ‘ کی اگلی فلم کے لیے گانا تیار کریں گی اور وہ شہرہ آفاق فلم کے لیے گانا تیار کرنے والی پہلی کم عمر گلوکارہ ہوں گی۔خبر رساں ادارے کے مطابق بلی آئلش جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کے لیے گانا تیار کریں گی اور وہ اس فلم کے لیے گانا تیار کرنے والی پہلی 18 سالہ گلوکارہ ہوں گی۔اگرچہ بلی آئلش سے قبل آسٹریلوی نژاد برطانوی گلوکارہ اڈیلے بھی جیمز بانڈ کی فلم کے لیے کم عمری میں گانا تیار کر چکی ہیں تاہم وہ بلی آئلش سے زیادہ عمر کی تھیں۔بلی آئلش نے جیمز بانڈ کی25ویں فلم کے لیے گانا تیار کرنے کو اپنا اعزاز قرار دیتے ہوئے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
تازہ ترین