کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پربین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزارت نے نظر انداز ہونے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کے لئے وفاق سمیت چاروں صوبوں میں ای پورٹل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بین الصوبائی رابطے کی وزارت کا موقف ہے کہ فیڈریشنوں اور ایسوسی ایشنوں میں میرٹ کو نظر انداز کرکے اقربا پروری پر ٹیموں کے انتخابات کی شکایت میں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ فیڈریشن کی جانب سے دور دراز علاقوں میں نئے ٹیلنٹ کو تلاش کا کام بھی دم توڑ چکا ہے اور کھلاڑیوں کے انتخاب میں صرف چند شہروں کو ہی اہمیت دی جاتی ہے، اس لئے ای پورٹل قائم کیا جارہا ہے جس میں خاص طور پر دور دراز کے علاقوں کے کھلاڑی اپنی اعلی کارکردگی کی ویڈیو اپ لوڈ کرسکیں گے۔وفاقی وزیر آئی پی سی ڈاکٹرفہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پورٹل کے ذریعہ ہم کھلاڑیوں سے براہ راست رابطہ کریں گے۔