• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر ملیحہ لودھی کی ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں نواز شریف سے ملاقات

لندن( مرتضیٰ علی شاہ) اقوام متحدہ میں پاکستان کی سابق مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے گزشتہ روز ایون فیلڈ اپارٹمنٹ پہنچ کر سابق وزیر اعظم نواز شریف کی عیادت کی وہ کم وبیش ایک گھنٹے تک اپارٹمنٹ کے اندر رہیں ،ایک ذریعے کے مطابق ملیحہ لودھی نے نواز شریف سے ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی،اور ان کی اہلیہ کلثوم نواز کے انتقال پر ان سے تعزیت کی ،حسین نواز کا ڈرائیور ایون فیلڈ کے راستے سے ملیحہ لودھی کو ساتھ لے کر آیا اور ملاقات کے اختتام پر انھیں سینٹرل لندن میں ان کے گھر چھوڑا، ذرائع کے مطابق ملیحہ لودھی نے نواز شریف سے صرف ان کی صحت کے بارے میں بات چیت کی اور کوئی سیاسی بات نہیں کی ،ملیحہ لودھی سے رابطہ نہیں ہوسکا لیکن اس نمائندے نے انھیں اپارٹمنٹ بلاک سے جاتے دیکھا اور فیملی ذرائع نے بھی ملاقات کی تصدیق کی ہے۔یہ ایک معمول کی عیادت تھی جس میں صرف ان کی صحت کے بارے میں بات کی گئی گزشتہ ہفتہ افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے بھی اپارٹمنٹ میں نواز شریف سے ملاقات کرکے ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی تھیں،نواز شریف نے فروری 2015 میں ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کے عہدے پر فائز کیا تھا وہ اس عالمی ادارے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پہلی خاتون تھی،ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے گزشتہ سال ستمبر میں اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے معروف سفارتکار منیر اکرم کو اس عالمی ادارے میں پاکستان کامستقبل مندوب مقرر کیا تھا، اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد ملیحہ لودھی نے کشمیر اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے کئی اہم مباحشوں میں حصہ لے چکی ہیں۔

تازہ ترین