• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 ماہ میں دوسری بار مقبوضہ کشمیر کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا گیا، ترجمان دفتر خارجہ

5 ماہ میں دوسری بار مقبوضہ کشمیر کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا گیا، ترجمان دفتر خارجہ


ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ میں دوسری مرتبہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی المیے کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھایا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پانچ مستقل رکن ممالک سمیت 15 اراکین نے ایک گھنٹہ تک مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی، جو پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔

دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس پاکستان کی درخواست اور عظیم دوست چین کی حمایت سے طلب کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ یو این پولیٹیکل افیئرز اور پیس کیپنگ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے اراکین کو بریفنگ دی گئی، پی فائیو سمیت کئی دیگر ممالک نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 15 جنوری کو سلامتی کونسل کے بند کمرہ اجلاس میں یو این اور فوجی مبصر گروپ کے نمائندوں کو بتایا کہ بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کے باعث مقبوضہ کشمیر میں حالات تناؤ کا شکار ہیں، سیاسی رہنما قید ہیں، انٹرنیٹ اور مواصلات بند ہیں، بھارت کی جانب اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ پر پابندیاں ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس مقبوضہ کشمیر کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہونے کا عکاس ہے۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سلامتی کونسل اجلاس جیسی عالمی سکروٹنی مودی حکومت پر یکطرفہ اقدامات واپس کرنے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور کنٹرول کی خلاف ورزیاں بند کرنے اور پاکستان کو دھمکیاں دینے سے باز رکھنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس وقت 28 ممالک میں پاکستانی مختلف مقدمات میں قید ہیں، سعودی عرب نے عام معافی کے تحت 2079 پاکستانیوں کو رہا کیا ہے۔

تازہ ترین