• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی فوج پاکستان کیخلاف جارحانہ رویہ رکھتی ہے، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی فوج پاکستان کے خلاف جارحانہ رویہ رکھتی ہے، بھارتی حکومت انتہا پسند سوچ کی حامل ہے، ہندو نظریےکو فروغ دے رہی ہے جبکہ پاکستان نے کرتارپور راہداری کھول کر مذہبی ہم آہنگی کا ثبوت دیا۔

سینٹر برائے اسٹریٹجک اور انٹرنیشنل اسٹڈیز میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں کو دیوار سے لگادیا گیا ہے اور کشمیر میں لاکھوں افراد انسانی حقوق کی پامالیوں کا شکار ہیں، مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔


انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہم نے خیرسگالی کا پیغام دیا، بھارت نے پاکستان کے خیرسگالی جذبات کا مثبت جواب نہیں دیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان افغانستان میں امن کے لیے پُرعزم ہیں، پاکستان نے امن مذاکرات کیلئے سہولت کاری کا کردار ادا کیا، افغانستان کے مسئلے کا فوجی حل نہیں ہے، افغانستان میں امن کیلئے مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور خوشحالی کا خواہشمند ہے، افغانستان میں بے امنی سے پاکستان بھی شدید متاثر ہوا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم ترین کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان پاکستان سرحد پر معاشی سرگرمیاں دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند ہیں۔

وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ سفارتکاری کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے، پاکستان امریکا کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے لیکن پاکستان خطے میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، خطے میں امن و استحکام کیلئے ایران اور سعودی عرب کا دورہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات انتہائی اہم ہیں،  پاک امریکا تعلقات کو صرف افغانستان کے تناظر میں دیکھنا درست نہیں، پاکستان اور امریکا کے درمیان توانائی، تعلیم، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعلقات قائم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک جنوبی اور وسطیٰ ایشیا کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، چین کیساتھ پاکستان کے تعلقات اتنی ہی اہمیت کے حامل ہیں جتنے امریکا کیساتھ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے بہترین تعلقات ہیں، ایران بھی پاکستان کا بہترین دوست اور ہمسایہ ملک ہے، ایران خطے کے تمام ممالک سے بات چیت کا خواہاں ہے، ایران چاہتا ہے بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جائے، ایران پر پابندیوں سے عام شہری متاثر ہورہے ہیں، ایران نے بھی کشیدگی میں کمی اور سفارتکاری کو موقع دینے کی خواہش ظاہر کی ہے، مشرقی وسطیٰ میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔

تازہ ترین