لاہور(نمائندہ جنگ)اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں قانون سازی کی جا رہی ہے کہ ایسی غیرملکی کتابوں اور نظریات پر پابندی لگائی جائیگی جو اسلام مخالف اور توہین رسالت پر مبنی ہوں۔ پاکستان میں سوشل میڈیا پر بھی ایسی کتب اور لٹریچر پر پابندی لگائی جانی چاہئے اور ایسا نصاب فروخت کرنے پر بھی مکمل پابندی ہونی چاہئے، کوئی بھی ملکی و غیر ملکی دینی کتاب یا مواد علماء کونسل سے اجازت و سند کے بعد ہی پاکستان میں چھاپنے، بیچنے اور کسی بھی ذرائع ابلاغ، آن لائن، سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کی اجازت دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیراہتمام جامعہ اشرفیہ میں سالانہ تقسیم اسناد کی تقریب میں سیکرٹری جنرل وفاق المدارس قاری محمد حنیف جالندھری سےگفتگو کرتے ہوئےکیا۔