• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس مزاحمت اور دہشتگردی کے ملزم کو دو بار عمر قید

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج شوکت کمال ڈار نے پولیس مزاحمت اور دہشت گردی کے الزام میں ملوث ایک ملزم کو دو بار عمر قید کے علاوہ پندرہ سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا دیتے ہوئے دو مفرور ساتھیوں کو اشتہاری قرار دیدیا۔سزا پانے والے ملزم زاہد شاہ وغیرہ کیخلاف ٹیکسلا پولیس نے گزشتہ سال تئیس جون کو مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ پنجاب سے گاڑیاں چوری کر کے خیبر پختونخوا لیجایا کرتے تھے وقوعہ کے روز پولیس نے ناکے پر ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو وہ فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے پولیس نے ملزمان کا پیچھا شروع کر دیا تھوڑی دور جاکر ملزمان کی گاڑی حادثہ کا شکار ہوگئی اسی دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد زاہد شاہ اور اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے نجیب اللہ کو گرفتار کرلیا لیکن اس دوران تیسرا ساتھی فرار ہوگیا، ملزم کی فائرنگ سے کانسٹیبل فہیم منظور بھی زخمی ہوا تھا، دوران سماعت پہلے ملزم نجیب اللہ کی ضمانت ہوئی تو وہ بھی مفرور ہوگیا تھا، اس کے بعد ہائی کورٹ نے زاہد شاہ کی ضمانت منظور کرلی تھی، گزشتہ روز عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم زاہد شاہ کو قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔ فیصلہ سنتے ہی پولیس نے مجرم کو حراست میں لیکر جیل منتقل کر دیا۔
تازہ ترین