• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ ثقافت سندھ: من پسند فنکاروں کو امداد کے نام پر فنڈز جاری کرنے کا انکشاف


محکمہ ثقافت سندھ میں10 ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود انڈونمنٹ فنڈ کا اجلاس نہیں ہوسکا تاہم من پسند فنکاروں کو بغیر اجلاس کے ہی امداد کے نام پر فنڈز جاری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ ثقافت سندھ میں ضرورت مند فنکاروں کی مالی امداد کے لیے قائم کئے گئے انڈونمنٹ فنڈز سے امداد کے حصول کے لیے ضرورت مند فنکاروں کی جانب سےدی گئی درخواستوں پر تقریباً 10ماہ سےزائد کا عرصہ گزر جانے کے باجود اس کے لیے اجلاس نہیں بلایا گیا، ضرورت مند فنکاروں کی درخواست پر انڈونمنٹ فنڈ کا اجلاس نہ ہونے کی وجہ سے سندھ کے ضرورت مند فنکار تشویش کا شکار ہیں۔

ذرائع کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے40 سے زائد فنکاروں کی جانب سے مالی امداد کے لیے محکمہ ثقافت سندھ کو انڈونمنٹ فنڈ ز سے مالی امداد کے لیے درخواستیں دی گئیں ہیں، جن میں بیماری اور بچیوں کی شادی جیسے مسائل کے لیے مالی مدد کی درخواستیں شامل ہیں۔

ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ گذشتہ 10 ماہ سے انڈونمنٹ فنڈ کا اجلاس نہ ہونے کے باوجود من پسند فنکاروں کو صوبائی وزیر ثقافت جو انڈونمنٹ فنڈ کے چیئرمین ہیں کی خصوصی ہدایت پر امداد کے نام پر فنڈز جاری کئے جارہے ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر کلچر سلیم سولنگی نے موقف جاننے پر جنگ کو بتایا کہ قانون میں ایسی کوئی پابندی نہیں کہ زیادہ سے زیادہ ہم کتنے عرصے میں انڈونمنٹ فنڈ کا اجلاس کرسکتے ہیں۔

انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اگر کسی درخواست پر یہ سمجھا جائے کہ اس پر فوری عمل درآمد کیا جائے تو بغیر اجلاس بلائے محکمہ ثقافت کے وزیر جو انڈونمنٹ فنڈز کے چیئرمین بھی ہیں کی منظور ی کے بعد دیگر بورڈ ممبران سے بھی منظوری لے کر اسے امدادی رقم جاری کی جاسکتی ہے۔

تازہ ترین