• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردی سے ٹھٹھرتے بچے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ملاقات

سردی سے ٹھٹھرتے بچے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ملاقات


وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوئٹہ میں سردی سے ٹھٹھرتے بچے سے  ملاقات کی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ کی شدید سردی میں پالش کا کام کرنے پر مجبور بچے کی کفالت و مالی معاونت کی ہدایت کی تھی۔

لیاقت شاہوانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے آج اس معصوم بچے اسد اللّٰہ کو وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ مدعو کرکے نقد رقم، راشن، گھریلو ضروریات کا سامان اور گرم کپڑے دیئے۔

وزیراعلیٰ نے بچے کے سر پر دستِ شفقت رکھ کر اسے گھر روانہ کیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز جیو نیوز نے ایک ویڈیو اپنے ناظرین سے شیئر کی تھی جس میں ایک بچے کو سردی سے ٹھٹھرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں بظاہر یہ سڑک کنارے بیٹھا جوتے پالش کرنے والا مزدور بچہ دکھائی دے رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: ٹھٹھرتے بچے کی ویڈیو پر بلوچستان حکومت کا نوٹس

اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد بلوچستان حکومت حرکت میں آئی اور بچے کی کفالت کی ذمے داری اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ حکومت نے اسٹریٹ چلڈرن کی دیکھ بھال کے لیے سالانہ بجٹ میں 50 کروڑ روپے مختص کیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت بہت جلد چائلڈ لیبر کے خلاف موثر قانون سازی کرنے جارہی ہے۔

لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے سردی میں محنت کرتے اس بچے کی ویڈیو دیکھی تو انہیں افسوس ہوا کیونکہ ایسے مناظر دیکھ کر انسان کا دل پھٹ جاتا ہے۔

تازہ ترین