• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

عوام پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانے کےخواہشمند ہیں، کامل علی آغا

عوام پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانے کےخواہشمند ہیں، کامل علی آغا 


کراچی(جنگ نیوز)جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے ق لیگ کے رہنما کامل علی آغا نے کہا کہ ہم یہ مطالبہ نہیں کررہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنادیں،عوام پرویز الٰہی کی کارکردگی یاد کر کے ہی انہیں وزیراعلیٰ بنانے کی خواہش کرتے ہیں، عثمان بزدار کی کارکردگی سے پنجاب میں کوئی بھی مطمئن نہیں ہے،وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب میں جہلم اور چکوال جیسے چھوٹے ڈسٹرکٹس کو فنڈز نہیں مل رہے ہیں، وزیراعلیٰ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے فنڈز اپنی صوابدید پر خرچ کردیتے ہیں، مقامی حکومتوں کے فنڈز بھی جاری نہیں ہوتے ہیں، اس کا مطلب ہے کہ شہباز شریف کا سسٹم ہی چل رہا ہے،ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ وفاقی حکومت شہری سندھ کے مسائل حل کرنے میں سنجیدگی نہیں دکھاتی تو ہمارے پاس آپشن بہت محدود رہ جائیں گے ہم فنڈز اپنے لیے نہیں کراچی کے لئے مانگ رہے ہیں،پانی،سڑکوں اور سیوریج نظام کیلئے فنڈنگ کی ضرورت ہے۔ میزبان شہزاد اقبال نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اتحادی پرویز الٰہی پہلے ہی بتاچکے ہیں کہ مولانا فضل الرحمن کا دھرنا ایک انڈراسٹینڈنگ کے تحت ختم ہوا اب اچانک اتحادیوں کے مطالبات کا سلسلہ زور پکڑ گیا ہے تو سوال پیدا ہورہا ہے کہ ان دونوں کا آپس میں کوئی تعلق تونہیں ہے؟۔کامل آغا نے کہا کہ پنجاب میں دو وزارتیں دی گئیں لیکن ہمارے وزیر بااختیار نہیں تھے، ہم جس کے دوست ہوتے اس کے ساتھ کوئی سازش نہیں کرتے، ہم ہمیشہ اپنے دوستوں کا ساتھ دیتے ہیں،حکومت کی ق لیگ سے حالیہ ملاقات ہماری وجہ سے نہیں دوسری اتحادی جماعتوں کی ناراضگی کی وجہ سے ہوئی ق لیگ نے پہلے مرحلہ پر دو مطالبات کیے ہیں،پہلا ہمارے وزراء کو بااختیار کیا جائے اور مکمل آزادی کے ساتھ کام کرنے کاموقع دیا جائے، دوسرا ہمارے ارکان اسمبلی کو ڈویلپمنٹ کے فنڈز مختص کیے جائیں، حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، عمران خان کی نیت پر ہمیں کوئی شک نہیں ہے ، عام آدمی کو ڈیلیور نہیں ہورہا اس لئے پریشان ہیں، اتحادی ہونے کی حیثیت سے ق لیگ پر بھی ذمہ داری آتی ہے،حکومت کے خاتمے کی بات پرویز الٰہی نے نہیں مولانا فضل الرحمن نے کی تھی،مولانا فضل الرحمن کے ساتھ انڈراسٹینڈنگ آج بھی پرویز الٰہی کے پاس امانت ہے یہ وقت بتائے گا کہ وہ امانت کیا ہے ، ق لیگ کی قیادت نے مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا، حکومت ایسا راستہ اختیار کرے جس سے عام آدمی کو فائدہ ہو عمران خان کے اتحادی ہونے کی وجہ سے عثمان بزدار سے تعاون کررہے ہیں، ق لیگ نے عثمان بزدار کی تبدیلی کا مطالبہ نہیں کیا صرف کارکردگی پر شکوہ کررہے ہیں،پی ٹی آئی میں فواد چوہدری اور دیگرلوگ عثمان بزدار کی تبدیلی کا مطالبہ کررہے ہیں۔فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے حکومت سے اپنے تحفظات کا اظہار اچانک نہیں کیا ہے، ہم مسلسل مختلف مواقع پر حکومت کے ساتھ وعدوں پر عملدرآمد نہ ہونے کا شکوہ کرتے رہے ہیں۔

تازہ ترین