کراچی(جنگ نیوز) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ گروپ کی پارٹنر بن گئی، جنگ گروپ، پی ایس ایل 2020میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میڈیا پارٹنر ہوگا۔پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور جنگ گروپ کے درمیان معاہدے پر دستخط کراچی میں ہوئے، جنگ گروپ کےسرمد علی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے معاہدے پر دستخط کئے۔پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو 20فروری سے 22 مارچ تک تمام 34 میچز ملک کے4اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے،سرفراز احمد کی قیادت میں کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈ ی ایٹرز کی ٹیم ایونٹ میں اعزاز کا دفاع کرے گی۔پی ایس ایل فائیوکا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا،لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ایلیمنٹرز اور فائنل کی میزبانی قذافی اسٹیڈیم لاہور کے سپرد کی گئی ہے۔34 میچوں پر مشتمل ایونٹ کے14میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور، 9 نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 8 پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور 3ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے 4 میچز کراچی، 3 لاہور، 2راولپنڈی اور ایک ملتان میں کھیلے گی۔لاہور قلندرز اپنے 8 میچز لاہور جبکہ ایک، ایک کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے گی۔روزنامہ جنگ میں شائع ہونےوالی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے ٹکٹوں کی فروخت 20جنوری سے شروع ہوگی اس امید کے ساتھ کہ لیگ 18جنوری تک اپنی ٹکٹ کی پالیسی کو حتمی شکل دیدی گی۔دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے شائقین کرکٹ کو متوجہ کرنے کیلئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میچز کے ٹکٹ کی قیمت کم رکھے جانے کا امکان ہے، ذرائع پی سی بی کا کہناہےکہ اس مرتبہ ٹکٹس کی قیمتیں 500 روپے سے 3ہزار روپے تک ہوگی۔ اس بات کا بھی امکان ہےکہ ڈے میچز کے ٹکٹ کی قیمت رات کے میچز کے مقابلے میں کم ہوگی۔جنگ گروپ کے سرمد علی کاکہناتھاکہ جنگ میڈیا گروپ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ شراکت داری پر فخر محسوس کرتا ہے۔جنگ گروپ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کوششوں کو اجاگر کرنے میں مدد کرے گا۔جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم عمر کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ جنگ اور گلیڈی ایٹرز کا اکٹھا ہونا ایک بڑی کامیابی ہوگی۔ندیم عمر نے کہا کہ پی ایس ایل کا آنے والا سیزن جنگ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دونوں کے لئے امید افزا لگتا ہے۔