• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے آٹے کا بحران جان بوجھ کر پیدا کیا، بلاول

حکومتی گودام آٹے سے بھرے ہوئے ہیں مگر عام آدمی کو سپلائی نہیں دی جارہیِ بلاول


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں گندم کے بحران پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے گندم پیدا کرنے والے ملک کو گندم درآمد کرنے والا ملک بنادیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے 40 ہزار میٹرک ٹن گندم افغانستان بھیج کر بحران جان بوجھ کر پیدا کیا۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ عمران خان نے اپنے مخصوص دوستوں کو نوازنے کے لیے آٹے کا بحران پیدا کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومتی گودام آٹے سے بھرے ہوئے ہیں مگر عام آدمی کو سپلائی نہیں دی جارہی۔

یہ بھی پڑھیے: آٹے کا بحران، مریم اور نگزیب کی حکومت پر تنقید

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت گندم کے بحران کی ذمہ دار ہے، اب عمران خان کے نوٹس لینے سے کام نہیں چلے گا۔

واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کا بحران برقرار ہے، جس کے باعث شہری مہنگے داموں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

کراچی میں سرکاری قیمت سے 20 روپے زیادہ قیمت پر آٹا فروخت کیا جارہا ہے، گوجرانوالہ اور ملتان میں آٹے کی قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ سکھر میں بھی شہری 65 روپے کلو آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

آٹا مہنگا ہونے کی وجہ سے پشاور میں نان بائی ایسوسی ایشن نے پیر سے ہڑتال کا اعلان کیا۔

ایسوسی ایشن نے روٹی 10 روپے میں فروخت کرنے کا مطالبہ اور رعایتی قیمت پر گندم فراہم کرنے کی پیشکش مسترد کردی، ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ لال آٹا خیبر پختونخوا میں استعمال نہیں کیا جاتا۔

دوسری طرف چیئرمین پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن نے کہاکہ آٹے کی فی کلو قیمت اب بھی 40 روپے 25 پیسے ہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلور ملز کے آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت بدستور 805 روپے ہی ہے۔

عاصم رضا نے وضاحت کی کہ آٹا مہنگا ہونے کی خبریں صرف آٹا چکی ایسوسی ایشن کے حوالے سے چلی ہیں، فلور ایسوسی ایشن کی طرف سے نہیں۔

تازہ ترین