کراچی کے ضلع وسطی کے علاقے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 14 جنوری کی رات پولیس کانسٹیبل عرفان خان کو شہید کرنے والے چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیئے: شہید کانسٹیبل عرفان کی نمازجنازہ اداکردی گئی
ملزمان میں نادر شاہ، فہد ولد حضور بخش، ارمان عرف مانی اور راجو شامل ہیں۔
ملزمان کو گزشتہ شب گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والے اسلحے سمیت 2 پستول اور 2 سرقہ شدہ موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔
ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کے وقوعہ کی رات انہوں نے کچھ دکانوں کو لوٹا تھا اور اس کے بعد لوٹ مار کی رقم کو آپس میں تقسیم کرنے سیکٹر 5 ایف میں واقع عیدگاہ گراؤنڈ آئے تھے۔
ملزمان نے بتایا کہ جب پولیس کانسٹیبلز نے دورانِ گشت چیکنگ کے ارادے سے انہیں روکا تو ملزمان نے جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کر دی جس میں 2 گولیاں کانسٹیبل عرفان کو لگیں جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔
ملزمان کے قبضے سے شہریوں سے چھینے گئے موبائل فون اور نقدی بھی برآمدکی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں، جن کا کرائم ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
ملزمان کے خلاف ناجائز اسلحے کے مقدمات درج کر کے ان سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔