پولیس لائنز لاہور میں ایک کانسٹیبل نے ڈی آئی جی شہزاد اسلم صدیقی پر چاقو سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ڈی آئی جی زخمی ہو گئے۔
زخمی ڈی آئی جی کو سروسز اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں سے مرہم پٹی کے بعد انہیں گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے ڈی آئی جی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی شہزاد اسلم صدیقی نے پولیس کو بتایا کہ وہ رات پونے 12 بجے کے قریب پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں واک کر رہے تھے کہ ڈیوٹی پر موجود کانسٹیبل رفیق نے سلام کرنے کے بعد اچانک چاقو سے حملہ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی، کورنگی میں خواجہ سرا پر چاقو سے حملہ
حملے میں ڈی آئی جی کے ہاتھ سمیت جسم کے دیگر حصوں پر زخم آئے ہیں، کوارٹرز میں موجود دیگر ملازمین نے ملزم کو قابو کر لیا اور زخمی ڈی آئی جی کو فوری طور پر سروسز اسپتال پہنچایا۔
پولیس نے ملزم رفیق کو گرفتار کر کے اقدامِ قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، حملے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
دوسری جانب زخمی ڈی آئی جی کی حالت اب تسلی بخش ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں گھر بھجوا دیا ہے۔