• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجٹ تیاری شروع، ریونیوہدف کےحصول کیلئے300ارب ٹیکس استثنیٰ ختم کردیاجائیگا

اسلام آباد ( تنویر ہاشمی ) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 21-2020کے بجٹ کی تیار ی شروع کر دی، آئندہ مالی سال کا بجٹ مئی کے مہینے میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

ایف بی آر کے معتبر ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں ریونیو ہدف کے حصول کےلیے 300ارب روپےکے ٹیکس استثنیٰ کو ختم کر دیا جائے گاا س حوالے سے ایف بی آر نے کام شروع کر دیا ہےاور ان لینڈریونیو اور کسٹم ونگ موجودہ ٹیکس استثنیٰ کے خاتمے کی تجاویز تیار کررہے ہیں۔

وزارت خزانہ نے تمام متعلقہ وزارتوں اورمحکموں سے اپنی تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے،وزارت خزانہ نے ہدایت کی ہےکہ پبلک فنانشل مینجمنٹ ایکٹ 2019اور بجٹ مینئول 2020کی روشنی میں سالانہ بجٹ کو تیار کیا جائے ۔

وزارت خزانہ نے وزارتوں اور محکموں کو جاری بجٹ سرکلر میں ہدایت کی ہےکہ بجٹ تخمینوں، موجودہ اخراجات ، ترقیاتی اخراجات کو مقررہ تاریخوں میں بھجوایا جائے ، اخراجات سے متعلق بجٹ سٹریٹیجی پیپر فروری کے دوسرے ہفتے تک جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سالانہ منصوبہ بندی تعاون کمیٹی ( اے پی سی سی ) کا اجلاس ، قومی اقتصادی کونسل ( این ای سی ) کا اجلاس مارچ کے پہلے ہفتے میں ہوگا ،بجٹ سٹریٹیجی پیپر منظوری کےلیے مارچ کے پہلے ہفتے میں کابینہ میں پیش کیا جائےگا، ڈیمانڈ ریویو کمیٹی کا اجلاس مارچ کےآخری ہفتے میں ہوگا، ترقیاتی بجٹ کے لیے وزارتیں اور ڈویژن تین اپریل تک بجٹ آرڈر اور نیو آئٹم سٹیٹمنٹ جمع کرائیں گے ۔

تمام بجٹ دستاویزات، شیڈول اور کابینہ کےلیے سمریوں کو اپریل کے آخری ہفتے تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، امکان ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ مئی کے مہینے میں کابینہ اور پارلیمنٹ میں پیش کر دیا جائے گا، ایف بی آر ٹیکس ریونیو سے متعلق تخمینے اور تجاویز پیش کرے گا۔

ایف بی آر کے علاوہ وزارت توانائی پیٹرولیم لیوی ، جی آئی ڈی سی ، جی ڈی ایس ، وزارت داخلہ وفاقی دارلحکومت کے انتظامی ٹیکس ، ایوی ایشن ڈویژن ائر پورٹ ٹیکس ریونیو کی تجاویز پیش کرے گا۔

نان ٹیکس ریونیو اور مقامی سرمائے کی وصولیوں سے متعلق انتظامی وزارتیں اور ڈویژن تجاویز اور تخمینے دیں گی ۔

اقتصادی امورڈویژن اور وزارت خزانہ کا بیرونی فنانس ونگ غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس اور ڈی جی ( ڈیبٹ ) ، جوائنٹ سیکرٹریز ( اخراجات) ، قومی بچت اور انتظامی وزارتیں اور ڈویژنز ، قرضوں ، ڈیپازٹس اور ذخائر سے متعلق آئندہ مالی سال کےلیے اپنے تخمینے جمع کرائیں گے۔

تازہ ترین