• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر عزیزہ انجم، کراچی

وقت بھی کتنی جلدی گزر جاتا ہے۔ابھی کل کی بات ہے،2019ء کاکیلنڈر شروع ہوا تھا اور اب2020ء شروع ہوگیا۔ دیکھا جائے تو ماہ و سال کے گزرنے کا نام ہی زندگی ہے۔ صدیوں سے یہی ہوتا آرہا ہے کہ ہر صبح سورج ،اُمید کی کرنیں بکھیرتا ایک نئے دِن کا آغاز کرتا ہے۔ عقل مندافراد اس ایک دِن میں بہت کچھ کمالیتے ہیں، دین بھی اور دُنیا بھی۔اس کے برعکس نادان کچھ بھی حاصل نہیں کرپاتے۔ 

دُنیا کی زندگی اس لیےبہت قیمتی ہے کہ یہ آخرت کی کھیتی ہے۔اللہ کےپیارے نبیِ کریمﷺنے فرمایا،’’ پانچ چیزوں کو پانچ چیزوں سے پہلےغنیمت جانو۔جوانی کو بڑھاپےسے پہلے، صحت کو بیماری سے پہلے،فراخی کو تنگ دستی، فراغت کو مصروفیت اور زندگی کو موت سے پہلے۔‘‘باعمل افراد کے لیےتو ایک ایک لمحہ قیمتی ہوتاہے، تاکہ دینی اور دُنیاوی زندگی بہتر ہوسکے اور اردگرد کا ماحول بھی ساز گار بنایا جاسکے۔صد شُکر کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنی زندگیاں بہتر کرنے اور اپنی خامیاں درست کرنے کے لیے نئےسال کی صُورت ایک موقع پھر عطا کیا ہے، لیکن کہیں ایسا نہ ہو کہ یہ برس بھی یونہی گزر جائے، لاحاصل کاموں اور بے مقصد مصروفیات میں۔

سو، رواں سال کے تمام تر مقاصد کا تعیّن کرکے، اُن کے حصول کے لیے ابھی سے وقت کی تقسیم کرلیں کہ کام یاب افراد ہمیشہ بامقصد زندگی گزارتے ہیں اورہر سال کا بدلتا کیلنڈر ان کی کام یابیوں کی فہرست بڑھاتا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں،گزشتہ برس جو امور مکمل نہ ہوسکے، اُنھیں اپنی ترجیحات میں لازماً شامل رکھیں کہ بعض اوقات کسی ایک کام کے نامکمل رہ جانے سے آگے بڑھنے کا راستہ بھی رُک جاتا ہے۔

وقت کی صراحی سے گرنے والے قطرے آبِ حیات بھی بن سکتے ہیں، اگر ہم چاہیں تو…۔تو آئیے، 2020ء میں عزم و ہمّت کے نئےچراغ جلائیں، اُمید کے پودے اُگائیں اوراُس سفرکی خُوب اچھی تیاری کریں، جس کے انجام پر ربّ کی رضا اور خوش نودی ہماری منتظر ہے ۔

ناقابلِ اشاعت نگارشات اور ان کے قلم کار

٭رازِ کائنات اور قانونِ شفا، طاہر محمود عاصی، نارووال٭زبان کی صحت، مسواک، مہمان، شبو شاد شکارپوری، کراچی٭عورت، شاہین ولی شاد، کراچی٭انڈا، نونہالانِ وطن کی تربیت، ملک محمد اسحاق راہی، صادق آباد٭یومِ خواتین، نرجس مختار، خیرپور میرس، سندھ٭لباسِ حیا، زاہدہ زبیر، مقام نہیں لکھا٭ امتحان لیتی یہ قوم، سیّد مصعب غزنوی، شہر کا نام نہیں لکھا۔

تازہ ترین