• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم عمران خان کی نوجوانوں کے وفد سے ملاقات

وزیرِ اعظم عمران خان کی نوجوانوں کے وفد سے ملاقات


وزیرِ اعظم عمران خان نے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات کی ، اس دوران ڈیجیٹل میڈیا سے منسلک نوجوان بھی موجود تھے۔

معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری اور وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد بھی موجود تھے ، ملاقات میں ملک کو درپیش چیلنجز، مسائل سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات، جدید دور میں میڈیا خصوصاً سوشل میڈیا کا کردار و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ ڈیجیٹل میڈیا سیکٹر میں نوجوان نسل کےلیے موجود مواقع ، درپیش چیلنجز اور ان کے حل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیر اعظم نے نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاریخ کی سب سے مشکل معاشی صورت حال سے نکل آیا ہے، مالیاتی خسارہ کم ہو چکا ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ 1960ء کے بعد پہلی مرتبہ ہماری حکومت نے صنعتوں کی بحالی کو ترجیح دی، اس حکمت عملی سے روز گار کے مواقع میسر آئیں گے اور معیشت ترقی کرے گی، نوجوان طبقے کو اس کامیابی کو اجاگر کرنا چاہیے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے مزید کہا م کہ موجودہ حکومت نے نوجوان طبقے کے لیے آسان اقساط میں کاروبار شروع کرنے کے لیے قرضوں کی فراہمی، ہنر سیکھنے کے لیے ٹریننگ پروگرام متعارف کرایا ہے، ہماری حکومت نے غریب عوام کے لیے احساس پروگرام اور پناہ گاہوں کا اجرا کیا، کرپشن اور مافیا کو ختم کرنے کے لیے آ خری حد تک لڑائی جاری رکھوں گا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور پوٹینشل موجود ہے جو ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے لایا جاسکتا ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے جن سے فائدہ اٹھانا ہم پر منحصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بھی چیلینجز کا سامنا ہے، پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے اور اب بھی اسی ضمن میں کردار ادا کر رہا ہے۔

ڈیجیٹل میڈیا کی افزائش و ترقی کے حوالے سے تحریک انصاف کی حکومت کی حکمت عملی و اقدامات پر مفصل بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں ڈیجیٹل میڈیا ابلاغ کے مؤثر ترین ذریعے کے طور پر اُبھر کر سامنے آیا ہے، ڈیجیٹل میڈیا کی تیز تر افزائش کے باعث معلومات کا پھیلاؤ سرحدوں کا پابند نہیں رہا۔

وزیراعظم عمران خان تعلیم یافتہ اور سیاسی طور پر باشعور نوجوان تیزی سے ڈیجیٹل میڈیا پر متحرک ہورہے ہیں، عالمی سطح پر پاکستان کے درست تشخص کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر استعمال کی حکمت عملی وقت کا تقاضا ہے، پاکستان تحریک انصاف اور وفاقی حکومت نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس دوران انہوں نے مودی سرکار سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ فاشسٹ مودی سرکار ہندوراشٹرا کے خواب پورا کرنے کے لیے امن اور خطے کی سلامتی کو داؤ پر لگا رہی ہے، کشمیر پر غاصبانہ قبضہ اور شہریت کے قانون میں ترمیم نسل پرستانہ عزائم کی تکمیل کی عملی کوششیں ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے مظلوم کشمیری عوام کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کیا جائے، دنیا کو باور کروایا جائے کہ سلامتی کونسل کی قرادادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا حل اقوام عالم کا فریضہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ اسلام کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، مسلم امہ کے مابین اتحاد و یگانگت کی افادیت اجاگر کرنے میں بھی ڈیجیٹل میڈیا مؤثر ثابت ہوسکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے تقریب کے آخر میں پاکستان کی نوجوان نسل کو پیغام دیتے ہو ئے کہا کہ نوجوان طبقے کے لیے ایک ہی پیغام ہے کہ محنت کریں، کامیابی محنت کے بغیر ممکن نہیں۔

تازہ ترین