• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کامیڈین منور فاروقی اور اہلیہ نے نومولود بیٹی کا نام بتادیا

 
تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

معروف بھارتی کامیڈین اور اداکار منور فاروقی اور ان کی اہلیہ مہ جبین کوٹوالہ نے اپنی نومولود بیٹی کی پہلی جھلک مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے بیٹی کا نام بریرہ رکھا ہے۔ 

انہوں نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی کی پیدائش کی خوشخبری دی تھی۔

مہ جبین نے 13 مئی کو انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنی بیٹی کے نام کا مطلب بھی بتایا اور تحریر کیا: الحمدللہ یکم مئی کو ہمیں ایک خوبصورت بیٹی کی نعمت سے نوازا گیا، جس کا نام ہم نے بریرہ منور فاروقی رکھا۔ 

یہ نام پاکیزگی، نیکی اور راست بازی کی خوبصورت عکاسی کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے مضبوط ایمان عطا فرمائے اور اس کی زندگی کو بے شمار برکتوں اور رحمتوں سے بھر دے۔ آمین

شیئر کی گئیں تصاویر میں مہ جبین اپنی بیٹی کو گود میں اٹھائے ہوئے نظر آئیں، جبکہ بچی کو گلابی کپڑے میں لپیٹا گیا تھا اور اس کا چہرہ دل والے ایموجی سے چھپایا گیا تھا۔ 

ایک اور تصویر میں منور اور مہ جبین اور بریرہ  لکھا ہوا نیم ٹیگ پکڑے ہوئے دکھائی دیے۔ پس منظر میں کیک، غبارے اور تحائف بھی نظر آئے۔ پوسٹ میں منور کے بیٹے میکائل اور مہ جبین کی پہلی شادی سے پیدا ہونیوالی بیٹی بھی موجود تھے۔ 

اس سے قبل منور فاروقی نے اسپتال سے چند تصاویر شیئر کی تھیں، جن میں انہوں نے اپنی اہلیہ کا ہاتھ تھاما ہوا تھا جبکہ نومولود بچی پس منظر میں موجود تھی۔ تصاویر کے ساتھ انہوں نے تحریر کیا: گھر برکت آئی۔  دعا میں خاص یاد رکھیں۔

منور فاروقی نے 2024 میں میک اپ آرٹسٹ مہ جبیں کوٹوالہ سے شادی کی تھی۔ وہ اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ بعد میں فرح خان کے وی لاگ میں انہوں نے اپنی شادی کے فیصلے کے بارے میں بات کی تھی۔ منور نے بتایا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے سات سالہ بیٹے میکائل کی خاطر کیا۔

انھوں نے کہا جب میں بگ باس سے باہر آیا تو کام میں بہت مصروف تھا۔ اس وقت میکائل میری بہن کے پاس رہ رہا تھا۔ ایک ہفتہ وہ میرے ساتھ رہا اور ہم نے بہت وقت ساتھ گزارا۔ جب وہ واپس جا رہا تھا تو مجھے محسوس ہوا کہ میں اسے جانے نہیں دینا چاہتا۔ مجھے لگا کہ اسے میری ضرورت ہے، وہ مجھے مسلسل گلے لگا رہا تھا، تب میں نے سوچا کہ میں کیا کروں تاکہ وہ میرے ساتھ رہ سکے۔ اسی لیے میں نے شادی کا فیصلہ کیا۔ 

مہ جبین کی صورتحال بھی کچھ میری جیسی تھی، ان کی بھی ایک 10 سالہ بیٹی ہے۔ اگلے دن میں نے ان سے پوچھا، کیا آپ مجھ سے شادی کرنے کے لیے تیار ہیں؟ میں نے پوری رات اسی فیصلے کے بارے میں سوچا اور دعا کرتا رہا کہ میکائل میرے ساتھ رہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید