• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

غیرقانونی طور پر مقیم پاکستانیوں سے متعلق تعاون قابل تعریف، پاکستان دہشت گردوں کیخلاف ٹھوس کارروائی کرے، امریکا

 امریکی وزیر خارجہ ایلس ویلز کی مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد  سے ملاقات


واشنگٹن‘اسلام آباد(جنگ نیوز‘اے پی پی) امریکا نے غیرقانونی طور پر مقیم پاکستانیوں سے متعلق تعاون قابل تعریف قرار دیدیا۔

جبکہ پاکستان پرزور دیاہے کہ پاکستان دہشتگرد اور عسکری گروپوں کےخلاف ناقابل واپسی ٹھوس اقدامات کرےجبکہ تجارت اورسرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان سےتعاون بڑھانے کا عندیہ دیا ہے۔

ایلس ویلز نے وزیر داخلہ سے ملاقات میں کہا کہ FATFمعاملات پر بہتر کارکردگی کا سن کر خوشی ہوئی جبکہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ دستاویزات اور کاغذی کارروائی سے متعلق پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات کی تصدیق کے عمل کے لئے لائحہ عمل مرتب کر کے ہم نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

اس دوران دونوں رہنمائوں کے درمیان سکیورٹی اور داخلی امورپر گفتگو بھی ہوئی۔ پیر کو قائم مقام نائب امریکی وزیر خارجہ بیورو آف جنوبی و وسطی ایشیائی امور ایلس ویلز نے امریکی سفیر پال جونز اور وفد کے ہمراہ وزارت داخلہ میں وزیر داخلہ سے ملاقات کی جس میں سکیورٹی اور داخلی امور سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران زیر بحث آنے والے معاملات میں سب سے پہلے غیر قانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو زیر بحث لایا گیا، اس بات کی تفصیل بتاتے ہوئے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ یہ مسئلہ تسلی بخش حد تک حل کر لیا گیا ہے۔

مسئلے کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ایلس ویلز نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ محدود وسائل میں اتنا بہترین لائحہ عمل مرتب کرنا اور اس پر عمل درآمد کروانا نہایت قابل تعریف عمل ہے۔

ایلس ویلز نے کہا کہ اس مسئلے کے مستقل حل کے لئے ہم ایک پختہ نظام اور طریقہ کار مرتب کرنا چاہتے ہیں جس سے آنے والے وقت میں بھی مستفید ہوا جا سکے۔

وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے اس تجویز کا خیرمقدم کیا، وزارت داخلہ کے وفد نے امریکی وفد کو مطلع کیا کہ نومبر، دسمبر اور جنوری کے مہینوں میں حل کئے جانے والے کیسز کی رپورٹ امریکی سفارت خانے کو جاری کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین