راولپنڈی (نمائندہ جنگ) میٹرو پولٹین کارپوریشن راولپنڈی نے مری روڈ کے دکانداروں سے کمرشل جائیداد کی تفصیلات طلب کر لی ہیں، لیاقت باغ تا فیض آباد تک مری روڈ کے اطراف تقریباً پانچ سو کے قریب دکانداروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ مری روڈ پر واقع تمام جائیدادوں کے نقشے اور دیگر کاغذات لیکر میٹرو پولٹین آفسر پلاننگ شہزاد حیدر کے پاس پیش ہوں۔ کارپوریشن کے افسر کا کہنا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کے تحت جاری کئے جانے والے ان نوٹسز کا مقصد تمام جائیدادوں کا ریکارڈ یکجا کرکے انہیں باقاعدہ قانونی شکل دینا اور ایسی تمام دکانیں، پلازے اور مارکیٹیں جو بلانقشہ، خلاف نقشہ یا کمرشل کروائے بغیر تعمیر کی گئی ہیں انہیں باقاعدہ قانونی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مری روڈ پر بہت ساری دکانیں کئی دہائیاں پرانی بھی ہیں تاہم تمام معلومات حاصل ہونے کے بعد حتمی فیصلہ کمشنر راولپنڈی کرینگے۔