• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبی کریم ؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر خالد عراقی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ پوری مسلم اُمہ کی ترقی اور تمام مسائل کا حل سیرت طیبہ میں پنہاں ہے۔عصر حاضر میںمسلم اُمہ کودرپیش مسائل اور چیلنجز کامقابلہ حضور ؐ کی سیرت مبارکہ سے رہنمائی حاصل کئے بغیر ممکن نہیں ہے ،حقوق العباد اور اسلامی تعلیمات سے معاشرے کو مہمیز کرنا ہوگا۔عصر حاضر میں درپیش چیلنجز کی بڑی وجہ اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیرت مصطفیﷺ سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن جامعہ کراچی کے زیر اہتمام کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں منعقدہ ’’محفل میلا النبیؐ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہصرف قانون بنادیناکافی نہیں ہے،بلکہ سب سے اہم کا م اس پر عمل کرناہے،حضورؐ نے اپنی عملی زندگی سے زندگی گزارنے اور دوسروں کی حقوق کی ادائیگی کا طریقہ بتایا۔ ماضی میں مسلمانوں نے علم سے رشتہ استوار کیا جس کے نتیجے میں عروج پایا،جب علم سے رشتہ منقطع ہوا تو تنزلی کی طرف گامزن ہوئے۔ علامہ مظفر حسین شاہ نے کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لئے ان پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے کہا کہ اگر ہمیں دنیا میں امن اور عدل قائم کرنا ہے توہمیں نظام مصطفی ؐ کو نافذ کرنا پڑے گا۔سابق رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری نے کہا کہ سیرت مصطفیؐ پر عمل پیرا ہوئے بغیر زندگی میں انقلاب نہیں آسکتا۔

تازہ ترین