• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر ملکی شہروں یا انسٹیٹیوٹس کے نام پر قائم اسکولوں کو نوٹسز جاری

کراچی(سید محمدعسکری) سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کو روشنی میں ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے سندھ بھر کے ایسے نجی اسکولوں اور کالجوں کی فہرست مرتب کرنا شروع کردی ہے جن کے ناموں کے ساتھ غیرملکی شہروں یا انسٹیٹیوٹس کے نام آتے ہیں اس حوالے سے تمام ریجن کے ڈائریکٹرز کو خطوط جاری کردیئے گئے ہیں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں اپنے علاقوں کے ایسے تمام نجی اسکولوں اور کالجوں کی فرست مرتب کریں جن کے ناموں کے ساتھ غیرملکی شہروں یا انسٹیٹیوٹس کے نام آتے ہیں یا ان سے مشابہت رکھتے ہوں اور ان کا تعلق کسی بھی طور پر ان سے نہ بنتا ہو۔ خط میں کہا گیا ہے کہ وہ فہرست مرتب کرنے کے بعد ایسے اسکولوں کو اس حوالے سے نوٹس بھیجیں اور رپورٹ بنا کر دیں۔ جنگ کو معلوم ہوا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز نے ایسے تمام اسکولوں اور کالجوں کی رجسٹریشن اور تجدید بھی روک دی ہے جن کے ناموں کے ساتھ غیرملکی شہروں یا انسٹیٹیوٹس کے نام آتے ہیں اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے نام کے ساتھ منسلک غیرملکی شہر یا ملک کا نام ہٹا دیں۔ ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے رابطہ کرنے پر جنگ کو بتایا کہ سندھ بھر میں سیکڑوں ایسے نجی اور سرکاری اسکول ہیں جو عالمی طرز کا معیار تعلیم دکھانے یا وہاں سے اپنا تعلق دکھانے کی خاطر امریکی اور یورپی ممالک یا ان کے شہروں کا نام استعمال کرتے ہیں جبکہ ان اسکولوں یا کالجوں کا ان ملکوں یا شہروں سے کوئی تعلق یا الحاق نہیں ہوتا، انھوں نے کہا کہ ایسا کرنا غلط اور نامناسب ہے چنانچہ سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کو روشنی میں ہم ایسے نجی اسکولوں اور کالجوں کو نوٹس دے رہے ہیں ہم ان کا موقف بھی سنیں گے اور ان سے کہیں گے کہ وہ اپنے تعلیمی ادارے سے منسلک غیرملکی شہروں یا انسٹیٹیوٹس کے نام یا ان سے مشابہت کو ہٹادیں۔
تازہ ترین