کراچی (ٹی وی رپورٹ)ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن سے متعلق 2019 کی رپورٹ جاری ہونے پر جیو کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹرنسپیرنسی انٹر نیشنل نے صاف طورپر حکومت کو تمغہ دیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ عمران خان کی آنکھیں کھلنے کیلئے کافی ہے،پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں معیشت کا حشرکیا۔خصوصی نشریات میں اے این پی کے رہنما زاہد خان ،پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر اور تجزیہ کار حامدمیر ،سلیم صافی اور مظہر عباس نے بھی اظہارخیال کیا۔
تجزیہ کار حامدمیر نے کہا عمران خان کا کرپشن کے حوالے سے بیانیہ ناکام ہوتا نظر آرہا ہے پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ اس حکومت نے جو دعویٰ اور وعدے کیے تھے اس میں یہ کسی ایک بات پر بھی کھڑی نہیں ہوئی۔
اس ملک میں جمہوریت کے پیمانے بہت نیچے گئے ہیں میڈیا پر جو پابندیاں لگائی جاتی ہیں یہ حکومت اس میں بہت آگے نکل گئی ہے عدلیہ کے خلاف سازشوں میں بہت آگے نکل گئی ہے کرپشن میں بھی اوپر ہیں جو قومیں بہتری کی طرف جارہی ہوتی ہیں اس میں یہ پیمانے الٹے ہوتے ہیں ۔
جو ڈیڑھ سال میں ان کے لوگوں نے معیشت کا حشر کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے ۔