• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا ٹی20: پاکستان نے بنگلادیش کو 5 وکٹوں سے ہرادیا

پہلا ٹی20: پاکستان نے بنگلادیش کو 5 وکٹوں سے ہرادیا


تجربہ کار بیٹسمین شعیب ملک کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں دلچسپ مقابلے کے بعد بنگلادیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔

شعیب ملک ناقابلِ شکست 58 رنز بناکر مین آف دی میچ قرار دیا پائے۔

بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے، محمد نعیم 43 اور تمیم اقبال 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا، کپتان بابر اعظم دوسری ہی گیند پر بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ احسن علی کا زیادہ دیر ساتھ نہ دے سکے اور 17 رنز بناکر مستفیض الرحمان کو وکٹ دے بیٹھے، اُس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 35 رنز تھا۔

اگلی وکٹ احسن علی کی گری، جو 36 رنز بناکر امین الاسلام کا شکار بنے۔

افتخار احمد اور عماد وسیم نے بالترتیب 16 اور 6 رنز بنائے۔

یوں پاکستان نے 19 اعشاریہ 3 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بناکر پہلے ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی حاصل کرلی۔

شعیب ملک نے جیت میں مرکزی کردار ادا کیا اور 45 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے، کیریئر کا پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے احسن علی نے 4 چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے۔

اس سے قبل بنگلا دیش کے اوپنرز نے پاکستان کے خلاف اپنی ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 141 رنز اسکور کیے۔

بنگلا دیش کی پہلی وکٹ71 کے اسکور پر اُس وقت گری جب تمیم اقبال ایک مشکل رن لینے کی کوشش میں 39 رنزبنا کر اپنی وکٹ گنوابیٹھے۔

14 ویں اوور میں لٹن داس بھی 12 رن بناکر رن آؤٹ ہوگئے، اگلی ہی گیند پر محمد نسیم 43 رنز بناکر شاداب خان کا شکار بنے۔

بنگلا دیش کی چوتھی وکٹ عفیف حسین کی تھی ،اُنہیں حارث رؤف نے کلین بولڈ کیا، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں حارث رؤف کی یہ پہلی وکٹ ہے۔

شاہین شاہ آفریدی نے میچ میں اپنی پہلی وکٹ 7 رنز بنانے والے سومیا سرکار کو آؤٹ کرکے حاصل کی۔

مہمان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 141 رنز اسکوربنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور حارث رؤف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹیم پاکستان
میچ میں پاکستان ٹیم میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ احسان علی، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، محمد رضوان، عماد وسیم، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔

ٹیم بنگلادیش
بنگلا دیش کی ٹیم کی قیادت محمد محموداللہ کررہے ہیں جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں تمیم اقبال، محمد نعیم، مٹن داس، محمد متھن، سومیا سرکار، عفیف حسین، امین الاسلام، الامین حسین، شفیع الاسلام اور مستفیض الرحمان شامل ہیں۔

تازہ ترین