پاکستان نے برطانوی شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری میں مثبت تبدیلی کا خیر مقدم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام سفری ہدایات میں تبدیلی پر برطانوی حکومت کے مشکور ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ برطانوی شہریوں کے پاکستان کےسفر سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
واضح رہے کہ بر طانیہ نے پاکستان میں سیکورٹی صورتحال کو بہتر بتاتے ہوئے اپنی ٹریول ایڈ وائزری تبدیل کردی اور برطانوی شہریوں کے لیے شمالی علاقوں کا سفر محفوظ قرار دے دیا ہے۔
پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹائن ٹرنر نے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستانیوں کو خوشخبری سنائی ہے کہ اُن کے ملک نے پاکستان کے بارے میں اپنی ٹریول ایڈوائس تبدیل کردی ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے بعد برطانیہ نے اپنی ٹریول ایڈوائس میں تبدیلی کردی ہے، جس کے مطابق تبدیل شدہ حالات میں بذریعہ سڑک شمالی پاکستان کے ساتھ ساتھ کیلاش اور بھمبارٹ ویلی جانے کی اجازت پر مبنی ٹریول ایڈوائس جاری کررہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو اس کا مکمل کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے سخت محنت سے گزشتہ پانچ برسوں میں صورتحال بہتر بنائی اور اسی بہتر سیکورٹی صورتحال کے تناظر میں ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج نے گزشتہ اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کیا۔