• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی سیکورٹی صورت حال بہتر، بر طانیہ نے ٹریول ایڈوائزری تبدیل کردی

پاکستان کی سیکورٹی صورت حال بہتر، بر طانیہ نے ٹریول ایڈوائزری تبدیل کردی


بر طانیہ نے پاکستان میں سیکورٹی صورتحال کو بہتر بتاتے ہوئے اپنی ٹریول ایڈ وائزری تبدیل کردی، برطانوی شہریوں کے لیے شمالی علاقوں کا سفر محفوظ قرار دے دیا۔

پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹائن ٹرنر نے پاکستانیوں کو خوشخبری سنائی ہے کہ اُن کے ملک نے پاکستان کے بارے میں اپنی ٹریول ایڈوائس تبدیل کردی ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستانیوں کے لیے اپنے پہلے ویڈیو پیغام کا آغاز اردو میں ان الفاظ کے ساتھ کیا، ’’السلام و علیکم، پاکستان بہت خوبصورت ہے، اور مجھے بہت خوشی ہے کہ میں آپ کو اپنے پہلے ویڈیو پیغام میں ایک خوشخبری دے رہا ہوں‘‘

برطانوی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے بعد برطانیہ نے اپنی ٹریول ایڈوائس میں تبدیلی کردی ہے، جس کے مطابق تبدیل شدہ حالات میں بذریعہ سڑک شمالی پاکستان کے ساتھ ساتھ کیلاش اور بھمبارٹ ویلی جانے کی اجازت پر مبنی ٹریول ایڈوائس جاری کررہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو اس کا مکمل کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے سخت محنت سے گزشتہ پانچ برسوں میں صورتحال بہتر بنائی اور اسی بہتر سیکورٹی صورتحال کے تناظر میں ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج نے گزشتہ اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سیکیورٹی صورتحال کی بہتری پر گزشتہ برس جون میں برٹش ایئرویز نے پاکستان کے لیے اپنی فضائی سروس بحال کردی تھی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل فرانس اور جرمنی نے بھی پاکستان کے لیے اپنی ٹریول ایڈوائزی نرم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس بات کا اعلان 22 جنوری 2020  کو جرمنی اور فرانس کے سفیروں نے جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں میزبان حامد میر کے ساتھ گفتگو میں کیا تھا۔

دونوں ممالک کے  سفیروں کا کہنا تھا کہ پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس( ایف اے ٹی ایف )کے معیار پر پورا اترنے کے لیے مثبت پیشرفت کی۔

تازہ ترین