آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
جمعہ 26؍ جمادی الثانی 1441ھ 21؍ فروری 2020ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد برسلز کا دو روزہ دورہ کریں گے

جنگ نیوز
عبدالرزاق داؤد یورپین حکام سے ملاقات کے علاوہ یورپین پارلیمنٹ بھی جائیں گے۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد رواں ماہ کی 27 اور 28 تاریخ کو برسلز کا دو روزہ دورہ کریں گے۔

مشیر برائے تجارت یورپین دارالحکومت کے دورے کے دوران یورپ اور پاکستان کے درمیان تجارت کا فروغ، جی ایس پی پلس اور دیگر معاملات پر بات چیت کریں گے۔

یہ بات بیلجیئم لکسمبرگ اور یورپین یونین کے لیے سفیرِ پاکستان ظہیر اسلم جنجوعہ نے سفارت خانہ پاکستان برسلز میں اس نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی مشیر کی ڈیووس میں یورپین پارلیمنٹ کے صدر اور یورپین کمشنر برائے تجارت سے بھی ملاقات ہوئی تھی، جس میں انہیں برسلز آنے کیلئے دعوت دی گئی۔ عبدالرزاق داؤد برسلز آنے کے بعد یورپین حکام سے ملاقات کے علاوہ یورپین پارلیمنٹ بھی جائیں گے، جہاں ان کی پارلیمنٹ میں موجود مختلف پارلیمانی لیڈرز سے ملاقات کے ساتھ ساتھ مختلف کمیٹیوں میں موجود ممبران پارلیمنٹ سے انفرادی ملاقاتیں بھی ہوں گی جبکہ وہ بیلجیئم کے وزیر تجارت سے بھی ملاقات کریں گے۔

سفیر پاکستان نے مزید بتایا کہ پاکستان اور یورپ کے درمیان اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت اجلاس جلد ہی اسلام آباد میں ہوگا، جس میں یورپین یونین کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد شریک ہوگا۔ یہ تمام ملاقاتیں اور اجلاس پاکستان اور یورپ کے درمیان وسیع ہوتے ہوئے تعلقات کا اظہار ہے۔

اس موقع پر ظہیر اسلم جنجوعہ نے پاکستان کی جانب سے جی ایس پی پلس پر شائع کردہ مختصر لیکن مؤثر کتابچے سے بھی اس نمائندے کو متعارف کرایا جو یہاں مختلف حلقوں میں تقسیم کیا جائے گا، جس کے ذریعے خواہش رکھنے والوں کو اس موضوع سے متعلق تمام معلومات فوری طور پر دستیاب ہوں گی۔

تجارتی خبریں سے مزید