• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد آصف کی انعامی رقم کا معاملہ، اسنوکر وفد کی صدر سے ملاقات

محمد آصف کی انعامی رقم کا معاملہ، اسنوکر وفد کی صدر سے ملاقات
پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسو سی ایشن کے تین رکنی وفد نے صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کی۔

صدر پاکستان عارف علوی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اسنوکر ورلڈ چیمپئن شپ میں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے محمد آصف کی انعامی رقم کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کو کہیں گے کہ ان کی انعامی رقم سمیت اسنوکر کے معاملات کو ترجیحی بنیاد پر جلد از جلد طے کیا جائے۔

اس بات کا اظہار انہوں نے پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسو سی ایشن (پی بی ایس اے) کے وفد سے ملاقات میں کیا۔

پی بی ایس اے کے کو چیئرمین عالمگیر شیخ، صدر منور حسین شیخ اور ٹاپ کھلاڑی محمد آصف پر مشتمل تین رکنی وفد نے ایوان صدر اسلام آباد میں صدر پاکستان سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیے: محمد آصف دوسری مرتبہ اسنوکر کے عالمی چیمپئن بن گئے

جنگ سے بات کرتے ہوئے عالمگیر شیخ نے بتایا کہ ہم نے صدر پاکستان کو بتایا کہ محمد آصف اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان اور جان شیر خان کے بعد دوسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے انفرادی کھیلوں میں دو بار ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ دنیا میں بھارت کے پنکج ایڈوانی واحد کھلاڑی تھا جس نے دو بار ورلڈ چیمپئن شپ جیتی، اب ان کے بعد محمد آصف نے ان کا اعزاز برابر کردیا ہے۔

اس کے علاوہ محمد آصف سمیت دیگر پاکستانی کھلاڑیوں نے ورلڈ اور ایشیاء کی سطح پر بیش بہا کارنامے انجام دیئے ہیں۔ ہم اسپورٹس پالیسی کے تحت حکومت سے انعامی رقم کا تقاضہ کررہے ہیں یہ کھلاڑیوں کا جائز حق ہے۔

صدر پاکستان عارف علوی نے محمد آصف کو دو بار ورلڈ چیمپئن اور دیگر ٹائٹل حاصل کرنے پر مبارک باد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ لیجنڈ کھلاڑی کی قدر ہونی چاہئے، میں متعلقہ اداروں کو ہدایت کروں گا کہ آصف کی انعامی رقم اور اسنوکر کے تمام معاملات فوری حل کئے جائیں۔

عالمگیر شیخ اور منور شیخ نے صدر پاکستان کا اسنوکر کے معاملات میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔

عالمگیر شیخ نے مزید بتایا کہ امکان ہے ہمارے مسائل خصوصاً محمد آصف کی انعامی رقم کا مسئلہ جلد حل ہوجائے گا۔ پہلے ہم نے آئی پی سی کی وزیر فہمیدہ مرزا سے ملاقات کی اب صدر پاکستان سے، توقع ہے کہ فہمیدہ مرزا اب خصوصی دلچسپی لیں گی اور ہمارے مسائل حل کریں گی اگر ایسا نہیں ہوا تو ہم وزیراعظم پاکستان عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں ترکی کے شہر اناطولیہ میں ہونے والے عالمی اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف نے فلپائن کے جیفری روڈا کو 5 کے مقابلے میں 8 فریم سے شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔

تازہ ترین