• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وانا میں زیرِ زمین پانی کی سطح تیزی سے کم ہونے لگی

قبائلی ضلع وانا میں زیرِ زمین پانی کی سطح تیزی سے کم ہو رہی ہے، اس بارے میں ہونے والی کانفرنس میں ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا میں پانی کی انتہائی کمی سے دوچار 10 ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔

جنوبی وزیرستان کے ضلع وانا میں زیرِ زمین پانی کی سطح مسلسل کم ہونے کے باعث پینے کے پانی کے مسائل اور زرعی ضروریات متاثر ہو رہی ہیں۔

اس مسئلے پر ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والی کانفرنس میں قبائلی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، انتظامیہ، ماہرین اور قبائلی مشران سر جوڑ کر بیٹھے۔

ماہرین کے مطابق پوری قوم کو اس مسئلے پر سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا، ہر شہری کو پانی کا کم سے کم استعمال سیکھنا ہو گا، قوم کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی طرف راغب کرنا ہو گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا میں پینے کے لیے 8 فیصد جبکہ زراعت کے لیے 69 فیصد پانی استعمال ہوتا ہے، دنیا میں زراعت کا شعبہ ڈرپ اور ٹنل فارمنگ کی طرف جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: بلوچستان میں زیرِ زمین پانی کی سطح میں کمی

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بھی ڈرپ اور ٹنل فارمنگ اپنانے کی ضرورت ہے، یہ سیکھنا ہو گا کہ کس فصل کو کس وقت کتنے پانی کی ضرورت ہے۔

کانفرنس میں ڈی آئی جی سعید خان وزیر نے شہرہ آفاق نظم ’سنا ہے جنگلوں کا بھی کوئی دستور ہوتا ہے‘ کے ذریعے بنیادی مسئلے پر سب کو اکٹھا ہونے کا پیغام دیا۔

تازہ ترین