• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے بنگلادیش کو دوسرے ٹی20 میں بھی ہرا دیا

پاکستان نے بنگلادیش کو دوسرے ٹی20 میں بھی ہرا دیا


دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں بابر اعظم اور محمد حفیظ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے بنگلادیش کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر بابر اعظم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 137رنز کا ہدف دیا، جو گرین شرٹس نے سترہویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر ہی پورا کرلیا۔

پاکستان نے بنگلادیش کو دوسرے ٹی20 میں بھی ہرا دیا
کپتان بابر اعظم نے ناقابل شکست 66 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگزکا آغاز اچھا نہ رہا، جب ٹیم کا اسکور 6 رنز ہوا تو اپنے کیریئر کا دوسراٹی 20 کھیلنے والے احسن علی 7 گیندوں کا سامنے کرتے ہوئے بغیر کوئی رن بنائے شفیع الاسلام کو وکٹ دے بیٹھے۔ 26 سالہ احسن نے پہلے میچ میں 36 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔

یہ بھی پڑھیے: پہلا ٹی20: پاکستان نے بنگلادیش کو 5 وکٹوں سے ہرادیا

احسن علی کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بابر اعظم کا ساتھ دینے کے لیے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ میدان میں اُترے اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کی بنیاد رکھی، اس دوران دونوں بیٹسمینوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

پاکستان نے بنگلادیش کو دوسرے ٹی20 میں بھی ہرا دیا
محمد حفیظ 67 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ٹی 20 انٹرنیشنلز میں بابر اعظم اور محمد حفیظ کی یہ بالترتیب 13ویں اور 11ویں نصف سنچری ہے۔

دونوں بیٹسمینوں کی 131 رنز کی ناقابل شکست شراکت کی بدولت پاکستان نے میچ 9 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔

محمد حفیظ 67 اور بابر اعظم 66 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔



اس سے قبل بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 136 رنز بنائے تھے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے تمیم اقبال 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے کامیاب بولر محمد حسنین رہے جنہوں نے 20 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بنگلادیشی اننگز کے دوسرے ہی اوور میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے محمد نعیم کو پویلین کی راہ دکھائی، وہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے: محمد حفیظ نے غیرمعمولی اننگز کھیلی، بابر اعظم

بنگلا دیش کو دوسرا نقصان 22 کے مجموعی اسکور پر ہوا، جب مہدی حسن 9 رنز بناکر محمد حسنین کا شکار بنے۔

میچ کے ساتویں اوور میں اسپنر شاداب خان نے 8 رنز بنانے والے لٹن داس کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بنگلا دیش کی چوتھی وکٹ عفیف حسین کی تھی وہ 21 رنز بنا سکے جبکہ سیٹ بیٹسمین تمیم اقبال 65 رنز بناکر آج بھی رن آؤٹ ہوئے۔

کپتان محمود اللّٰہ کو حارث رؤف نے 12 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کیا۔

یہ بھی پڑھیے: صدر مملکت بھی پاک بنگلہ دیش میچ دیکھا

پاکستان کی جانب سے میچ وننگ کمبی نیشن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی، جبکہ بنگلا دیش کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، محمد متھن کی جگہ مہدی حسن کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے سبب بنگلا دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

تین ٹی20 انٹرنیشنلز پر مشتمل سیریز کا آخری میچ 27 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین