وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے ناراض اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقات کی اور انہیں منالیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ناراض پی ٹی آئی ارکان سے ملاقات میں پنجاب کے مختلف حلقوں میں ترقیاتی کام کروانے کا وعدہ بھی کرلیا جبکہ ناراض ارکان نے وزیراعلیٰ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے تحریک انصاف کے ناراض گروپ کے 14 اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔
ملاقات میں صوبائی وزراء راجہ بشارت، چوہدری ظہیر الدین اور سید عباس شاہ بھی شریک تھے۔
اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ اور ہمارے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن شپ موجود ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو یقین دہانی کروائی کہ ہم آپ کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا ہم وزیراعظم عمران خان اور آپ کے سپاہی ہیں۔
اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ اراکین اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی کام کروائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مل کر صوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس سے قبل تحریک انصاف کے قومی و صوبائی حلقوں کے ٹکٹ ہولڈرز کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں جہانگیر ترین اور صوبائی وزیر قانون راجا بشارت بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پارٹی کو مضبوط بنانے، حلقوں کے مسائل اور عوام کے ساتھ روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی وزیر ریلوے شیخ رشید سے ملاقات میں راولپنڈی کے ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شیخ رشید نے انہیں 5 فروری کو لال حویلی میں جلسے میں شرکت کی دعوت بھی دی۔