• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرینی سب انسپکٹرز کی کارکردگی کو ماہانہ بنیادوں پر چیک کیا جائیگا‘ آر پی او

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے راولپنڈی ضلع میں 2016ء میں بھرتی ہونے والے سب انسپکٹر ٹرینی افسروں کو بسلسلہ ڈی کورس فیلڈ پوسٹنگ خصوصی بریفنگ دی۔ آرپی او راولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے مذکورہ سب انسپکٹر بھرتی ہونے والے ٹرینی افسروں کو اپنے دفتر طلب کیا۔ ٹرینی سب انسپکٹرز بنیادی کورس میں کامیابی کے بعد فیلڈ ورک سے متعلق اے، بی اور سی کورس کیلئے بھجوائے جاتے ہیں جس کے بعد تھانوں میں ڈی کورس کا آغاز کیا جاتا ہے۔ ٹرینی سب انسپکٹرز اب تھانوں میں ایک سال اور 8ماہ کیلئے فیلڈ ورک سے متعلقہ مختلف فرائض سر انجام دینگے۔ آر پی او راولپنڈی نے ٹرینی افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے 2016ء بیج کی پہچان آپکی اچھی کارکردگی کی وجہ سے ہونی چاہئے۔ فیلڈ میں پوسٹنگ کے دوران آپ کی گفتار اور کردار سے یہ ثابت ہو کہ آپ ایک اچھے پولیس آفیسر ہیں اور آپ کو جس مقصد کیلئے منتخب کیا گیا ہے آپ اس مقصد پر پورا اتر رہے ہیں۔ آپ کی پوسٹنگ راولپنڈی ضلع کے مختلف تھانوں میں ہوئی ہے اپنے تمام ساتھیوں کے ساتھ بہترین ٹیم ورک سے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائیں۔ آپ کی کارکردگی کو ماہانہ بنیادوں پر چیک اور مانیٹر کیا جائیگا۔ سرکاری امور کی انجام دہی میں آپ کو ہر قسم کی معاونت بھی کی جائیگی۔ ادہر ریجنل پولیس آفیسر نے حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ سائلین کی درخواستوں پر متعلقہ افسران کو بذریعہ فون اور تحریری طور پر فوری کارروائی و انکوائری کے احکامات جاری کئے گئے۔ آرپی او نے کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی جانب سے پیش کی گئی درخواستوں پر فوری احکامات جاری کرتے ہوئے جن افسران کو سائلین کی درخواستیں مارک کی گئیں انہیں بذریعہ فون اور تحریری طور پر بھی فوری دادرسی کی ہدایات جاری کیں۔ آر پی او راولپنڈی روزانہ کی بنیاد پر ریجن کے چاروں اضلاع سے آئے درخواست گزاروں کی درخواستوں پر متعلقہ افسران کو کارروائی و انکوائری کے احکامات جاری کر رہے ہیں تاکہ درخواست گزاروں کی فوری دادرسی کی یقینی بنایا جا سکے۔
تازہ ترین