• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متعدد وارداتوں میں ملوث ڈکیت گینگ کاسرغنہ اپنے ساتھیوں سمیت گرفتار

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے متعدد وارداتوں میں ملوث ڈکیت گینگ کے سرغنہ کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے چوری شدہ دو موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ سٹی پولیس آفیسر محمد احسن نے متحرک ڈکیت گینگز کی گرفتاری کیلئے ایس پی پوٹھوہار سید علی کو خصوصی ٹاسک دیا تھا۔ ایس پی پوٹھوہار نے ایس ایچ او تھانہ نصیر آباد، پولیس افسران اور آئی ٹی ماہرین پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جس نے ایس پی کی زیرنگرانی کام کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر متحرک ڈکیت گینگ کے سرغنہ کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزموں کے قبضہ سے دو چوری شدہ موٹر سائیکل اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ملزمان نے ابتدائی انٹیرو گیشن میں ضلع راولپنڈی کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ڈکیت گینگ کے ملزمان گھروں کے علاوہ میڈیکل سٹورز، بیکریوں اور جنرل سٹورز پر ہونے والی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان کو شناخت پریڈ کیلئے جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ شناخت پریڈ کے بعد ملزمان سے مزید تفتیش کی جائیگی جس سے اہم انکشافات کی توقع ہے۔ سی پی او نے متحرک ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت دیگر ساتھیوں کی گرفتار ی پر ایس پی پوٹھوہار اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ گرفتار ڈکیت گینگ سے شناخت پریڈ کے بعد انٹیرو گیشن کے دوران چوری شدہ اور وارداتوں میں چھینے گئے مال کی برآمدگی کو یقینی بنایا جائے اور گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے تاکہ ملزمان کو عدالت سے کڑی سزا دلوائی جاسکے۔
تازہ ترین