صوابی(نمائندہ جنگ )سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں انہوںنے اپنے پرائے میں کوئی فرق نہیں رکھاکیونکہ ترقیاتی منصوبوں پر سب کا حق ہوتا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈوڈھیر اور گاڑ منارہ صوابی میں دو مختلف اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا ۔ ان اجتماعات سے عبدالستار خان آف ٹھنڈکوئی ، صابر محمد، ابرار خان، حیات اللہ ، عابد ، کوکا ن کاکا، آفتاب علی اور راجد کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ انہوںنے گاڑ منارہ میں پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام قائم ہونیوالے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا بھی افتتاح کیا۔جس پر 17 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔سپیکر اسدقیصر نے کہا کہ ان کا کردار اور ماضی کسی سے پوشیدہ نہیں کیونکہ ان کا ماضی ایک کھلی کتاب کی مانند ہے انہوں نے کہا کہ وہ سیاست پیسہ کمانے کے لئے نہیں بلکہ خدمت خلق کے لئے کرتے ہیں انکی سیاست کا بنیادی مقصد لوگوں کی خدمت کرنا ہے کیونکہ وہ سیاست کو عباد ت کا درجہ دیتے ہیں انہوںنے کہا کہ ان کے لئے سب مساوی ہیں اور وہ کسی کو کسی پر برتری نہیں دیتے انہوںنے کہا کہ وہ نہ کمشن لیتے ہیں اور نہ ہی کسی کو اس کی اجازت دے سکتے ہیں انہوںنے کہا کہ لوگوں نے ان پر خود اعتماد کیا ہے ، وہ ان کے اعتماد کی بدولت آج اس مقام تک پہنچے ہیں وہ نہ تو لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائیں گے اور نہ ہی ان کے اعتماد کو مجروع ہونے دیں گے۔ اس موقع پر شاہ سعید اور انوررحمان نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔