• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوبی کی موت پر پاکستانی فنکار بھی سوگوار

لیجنڈ امریکی باسکٹ بال پلیئر کوبی برائنٹ کی اچانک حادثاتی موت نے ناصرف مداح بلکہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے معروف شخصیات کو بھی غم میں مبتلا کردیا۔

گزشتہ روز امریکی باسکٹ بال لیجنڈ کوبی برائنٹ اور ان کی 13 سالہ بیٹی گیانا سمیت نو افراد ریاست کیلی فورنیا میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوئے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر کی مشہور و معرودف شخصیات بھی لیجنڈ کی موت پر اپنا رد عمل دے رہے ہیں۔

تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کے ساتھ ساتھ فخر عالم، فیروز خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی و دیگر  نے کوبی برائنٹ کی موت کی خبر پر رد عمل دیا۔

مہوش حیات نے لیجنڈ کی ایک مختصر دورانیے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کوبی کی موت کی خبر سن کر اُن کا دل مکمل طور پر ٹوٹ چکا ہے۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ وہ ٹینس کورٹ میں ایک لیجنڈ تھے جبکہ اصل زندگی میں کروڑوں لوگوں کے لیے متاثر کُن شخصیت تھے۔

پاکستان فلم اسٹار ماہرہ خان نے بھی لیجنڈ کی موت پر دُکھ کا اظہار کیا۔

اداکار فیروز خان نے  کوبی برائنٹ اور ان کی بیٹی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے قرآن پاک کی آیت’ اور ہمیں بھی اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے‘ لکھا۔

شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے والے حمزہ علی عباسی نے کوبی برائنٹ کی موت کی خبر کو افسوسناک کہتے ہوئے لکھا کہ یہ ہم سب کے لیےایک یاد دہانی ہے کہ ہم سب کے لیے بھی زندگی جلد ہی ختم ہوجائےگی۔

معروف میزبان و اداکار فخر عالم نے کوبی برائنٹ اور ان کی 13 سالہ بیٹی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہزاروں دل توڑنے والے باپ اور بیٹی۔‘

اداکارہ اُشنہ شاہ نے لکھا کہ یہ دونوں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی مشہور و معروف شخصیات بھی کوبے کی خبر پر سوگوار ہیں۔

سابق امریکی صدر باراک اوباما نے بھی کوبی کو لیجنڈ قرار دیتے ہوئے ان کی موت پر ان کے اہل خانہ کےلیے دعا کی۔

سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے بھی کوبی برائنٹ کے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں سے تعزیت کی۔


معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے بھی لیجنڈ کوبی اور ان کی بیٹی کے لیے  تعزیتی پیغام پوسٹ کیا۔

سربین ٹینس اسٹار نواک جوکووچ نے اپنے ٹوئٹ میں کوبے کے ہمراہ ایک پُرانی تصویر اپلوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ کوبی کی موت کی خبر سن کر ان کا دل غم میں ڈوبا ہوا ہے۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ کوبے ان کے استاد اور دوست تھے، وہ اور ان کی بیٹی ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

یاد رہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والے کوبے برائنٹ کی لکھی گئی نظم پر بنی مختصر دورانیے کی فلم کو سال2019ء میں آسکر ایوارڈ بھی ملا تھا جو انہوں نے خود وصول کیا تھا۔

تازہ ترین