لاہور کے علاقہ امامیہ کالونی کے قریب فیکٹری میں سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور 2 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پرفیوم بنانے والی فیکٹری میں سیلنڈر پھٹنے سے اچانک لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت کے باعث فیکٹری کی عمارت کا کچھ حصہ بھی زمیں بوس ہوگیا۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو کا عملہ موقع پر پہنچا اور ریسکیو آپریشن کر کے فیکٹری میں سے 2 خواتین سمیت 8 لاشوں اور 2 زخمیوں کو نکال لیا گیا۔ زخمیوں میں سے ایک کو تشویشناک حالت میں میؤ اسپتال منتقل کردیا گیا۔
فیکٹری میں لگنے والی آگ کی شدت کے باعث ملحقہ گھروں کو فوری طور پر لوگوں سے خالی کرا لیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے 8 افراد میں سے 4 کی شناخت 65 سالہ زاہد، بیوی رشیدہ، 6 سالہ بیٹی اریبہ اور 9 سالہ موسیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے، فائربریگیڈ کی 10 گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا، جبکہ لاشوں کو فیروز والا کے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔