آپ آف لائن ہیں
جمعہ3؍رجب المرجب 1441ھ 28؍فروری 2020ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

پاکستان میں امن اور کاروباری ماحول سازگار ہوا ہے، جرمن سفیر

پاکستان میں سکیورٹی صورتحال بہتر اور کاروباری ماحول سازگار ہوا ہے، یہ بات جرمنی کے نئے سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک نے منگل کو کراچی پریس کلب میں جرمن قونصل جنرل اوئیگن وولفارتھ کے ساتھ میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کے حالات میں کافی حد تک بہتری آئی ہے اور کاروباری ماحول سازگار ہوا ہے۔ دونوں ممالک کے چیمبر آف کامرس کاروبار میں بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔

جرمن سفیر نے کہا کہ جرمن کاروباری وفود پاکستان کا دورہ کریں۔ زبان کی شناسی کسی بھی ملک کے عوام میں تعلقات کا باعث بنتی ہے۔ ووکیشنل ٹریننگ کے لئے ہم پاکستانی نوجوانوں کو مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

برن ہارڈ شلیگ ہیک نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ صورت حال افسوسناک ہے، مسئلہ کشمیر کا حل دونوں ممالک کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے ارکان نے جس محبت سے استقبال کیا میں ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ایک صحافی فرض کی ادائیگی میں بہت سی دشواریوں اور دباؤ سے گزرتا ہے۔ ملک میں سیکورٹی کے حالات میں بہتری ہوئی ہے۔ سرمایہ کاری پرائیوٹ کمپنیوں پر منحصر ہوتی ہے۔

جرمن سفیر نے کہا کہ ہم جرمن کاروباری شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ جرمن کاروباری وفود پاکستان کا دورہ کریں۔ دونوں ممالک کے چیمبر آف کامرس کاروبار میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کی آنے والی نئی نسل کو جرمنی میں تعلیم کے مواقع فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے حوالے سے پاکستان کے کچھ حصوں میں مزید کام کی ضرورت ہے، سرمایہ کاری کے حوالہ سے غیرملکی سرمایہ کاروں کو ماحول کی فراہمی اہم مسئلہ ہے، انہوں نے کہا پاکستان میں جرمن لیٹریچر کی کمی ہے، میوزک اور زبان کی شناسی کسی بھی ملک کے عوام میں تعلقات کا باعث بنتا ہے۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے سیکریٹری ارمان صابر، صدر امتیاز خان فاران، جوائنٹ سیکریٹری ثاقب صغیر اور ارکان گورننگ باڈی نے مہمانوں کو سندھی اجرک کا تحفہ اور گلدستہ پیش کیا۔

قومی خبریں سے مزید