• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

’’تیار ہیں ‘‘جوش سے بھرپور پاکستان سپر لیگ کا ترانہ جاری

’’تیار ہیں ‘‘جوش سے بھرپور پاکستان سپر لیگ کا ترانہ جاری 


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ 2020 کا آفیشل ترانہ منگل کو ریلیز کردیا گیا۔ ترانے کی آفیشل ویڈیو میں قومی کرکٹ اسٹارز بابراعظم، حسن علی، رومان رئیس، سرفراز احمد، شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی بھی جلوہ گر ہیں۔ پاکستان سپر لیگ فائیو سے قبل اور میچز کے دوران یہ آفیشل ترانہ بجایا جاتا رہے گا۔ پی سی بی میڈیا ریلیز کے مطابق ’’تیار ہیں‘‘ کی موسیقی اور دھن سننے والے کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے جو منفرد انداز میں پی ایس ایل فائیو کے پاکستان میں انعقاد کا جشن مناتی ہیں۔ آفیشل ترانے کے لانچ کے ساتھ ہی پی ایس ایل کی مارکیٹنگ مہم کا آغاز بھی کیا جارہا ہے۔ ’’تیار ہیں‘‘ میں پاکستان کے معروف راک گلوکار علی عظمت، فوک گلوکار عارف لوہار، گلوکار ہارون رشید اور مشہور پاپ گلوکار عاصم اظہر نے آواز کا جادو جگایا ہے۔ آفیشل ترانے کی ہدایتکاری معروف موسیقار ذوالفقار جبار خان (ذلفی) اور کمال خان (لال کبوتر) نے کی ہے۔’’تیار ہیں‘‘ کی موسیقی میں تُنبا، چمٹا، رباب اور ہارمونیم سمیت کل 22 سازوں کا استعمال کیا گیا ہے۔گلوکار علی عظمت نے کہا کہ وہ باصلاحیت فنکاروں کے ہمراہ اس آفیشل ترانے کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ گلوکار عارف لوہارنے پی ایس ایل فائیو کے آفیشل ترانے کا حصہ بننے پرخوشی کااظہار کیا۔

تازہ ترین