اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت کے ہر فیصلے سے ثابت ہو رہاہے کہ ہر سطح پر دو دو پاکستان ہیں۔ اگر آٹے اور چینی کا بحران پیدا کرنے والے مافیا کا تعلق اپوزیشن سے ہوتا تو اب تک وہ پکڑا جاتا اب چونکہ اس مافیا کا تعلق سرکاری پارٹی اور حکومت سے ہے ، اس لیے اب تک اس پر ہاتھ نہیں ڈالا جاسکا۔ وزیراعظم مافیا کو بھی خوب جانتے ہیں ، انہیں اپنی بے بسی کا بھی پتہ ہے ۔ سندھ ہائیکورٹ کا بلدیہ فیکٹری سمیت دیگر اہم مقدمات کے پس پردہ حقائق عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ خوش آئند ہے اس سے بڑے بڑے پردہ نشینوں کے نام سامنے آئیں گے اور عوام جرائم کی دنیا کے اصل محرکات جان سکیں گے۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے مہنگائی کے مارے عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاہے۔آٹا اور چینی مافیا کے ساتھ ساتھ لینڈ اور ڈرگ مافیا بھی طاقتور ہوگیاہے۔ قوم بلدیہ فیکٹری کے 260 مزدوروں کے قاتلوں کا عبرتناک انجام دیکھنا چاہتی ہے۔