• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے پاکستان پر الزامات کا کبھی ثبوت نہیں دیا، (ر)ایڈمرل عارف اللہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وائس ایڈمرل (ر) عارف اللہ حسینی نے کہا ہے کہ پاکستان کا ازلی دشمن بھارت عرصہ دراز سے پاکستان کیخلاف مکروہ سازشیں کرتا چلا آرہا ہے اور بھارتی ادارے سوچے سمجھے پلان کے تحت اپنے ہی ملک کے اندر تخریب کاری اور دہشت گردی کے ڈرامے اسٹیج کرکے پاکستان کیخلاف جھوٹی الزام تراشی کرتے ہیں مگر بھارت کبھی بھی اپنے بھونڈے الزامات اور بھارت کے اندر ہونیوالی کسی بھی دہشت گردی کے واقعہ میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ناقابل تردید ٹھوس ثبوت پیش نہیں کرسکا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارآرٹس کونسل آف پاکستان میں ریڈرز کلب کے زیراہتمام ڈاکٹر جنید احمد اور سید ابن الحسن رضوی کی کتاب ”گنگا تا پلوامہ،ہندوستان کے فلیگ آپریشنز“ کی رونمائی کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کتاب کی لانچنگ تقریب میں دفاعی ماہرین ، سیکورٹی تجزیہ کاروں، نامور ماہر تعلیم، ممتاز دانشوروں اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر کے نمائندگان نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سابق سینیٹر جاوید جبار نے اس کتاب کے تحقیقی مندرجات کا جامع تجزیہ پیش کیا جبکہ صبوحہ خان نے اس کتاب کی اشاعت کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مصنفین نے اس کتاب میں جنوری 1971 ءمیں گنگا جہاز کے اغواءکے بعد سے اب تک بھارت کی جانب سے ہونیوالے فالس فلیگ آپریشنز کا تحقیقاتی جائزہ پیش کرتے ہوئے پوری تحقیق سے ثابت کیا ہے کہ1971 ءمیں گنگا جہاز کا اغواء، دسمبر2001ء میں بھارتی پارلیمنٹ پر حملہ ، 2002 ءمیں ٹرین آتشزدگی، فروری2007 ءمیں سمجھوتہ ایکسپریس آتشزدگی، نومبر2008ءمیں ممبئی حملہ، ستمبر2016ءمیں اڑی حملہ اور فروری2019 ءمیں پلوامہ فالس فلیگ آپریشن بھارتی منصوبہ سازوں کے اپنے ہی تیار کردہ خودساختہ ڈرامے تھے۔کتاب کے مصنفین نے تفصیل کیساتھ اجاگر کیا ہے کہ کس طرح بھارتی اداروں نے اپنے ملک کے داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کو دہشت گردی میں ملوث کرنے کےلئے گھناؤنے انداز میں ڈرامے اسٹیج کیے اور پاکستان کو دہشت گرد ملک ثابت کرنے کےلئے عجیب و غریب ڈرامے رچائے۔ کتاب میں تفصیل کیساتھ واضح کیا گیا ہے کہ بھارت کے منصوبہ ساز پاکستان کو بدنام کرنے کےلئے کس طرح شاطرانہ چالیں چل کر پوری دنیا کو دھوکہ دیتے آئے ہیں۔

تازہ ترین