وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب میں حوثیوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں شہریوں اور توانائی کی تنصیبات پر حوثیوں کے حملے کی مذمت کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ حوثیوں کے حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان اور برادر سعودی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حملے ناصرف بے گناہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ علاقائی امن و سلامتی کو بھی متاثر کرتے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، حملے میں تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں یمن کی حوثی جماعت انصار اللّٰہ کے حملوں میں 73 افراد زخمی ہو گئے۔
سعودی اتحادی فورس کے مطابق زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، حوثیوں نے سعودی شہروں ابہا، خمیس، مشیط، نجران اور جازان میں حملے کیے۔