• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی ادارے اپنے وسائل خود پیدا کریں، وزیر اعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلدیاتی اداروں کو اپنے وسائل پیدا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے ان کے بجلی کے بلز کی مد میں 22 ارب روپے ادا کئے ہیں جوکہ ان کو خود ادا کرنے تھے، اب مزید ان اداروں کو اپنے پاؤں پر خود کھڑا ہونا ہوگا۔

یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں لوکل باڈیز کی جانب سے کے الیکٹرک کے بلز ادائیگی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں وزیر توانائی امتیاز شیخ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، ایڈووکیٹ جنرل سلمان طالب، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری بلدیات روشن شیخ، سیکریٹری توانائی مصدق خان، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں لوکل باڈیز کو ہر طرح سے ٹھیک کرنا ہوگا، لوکل باڈیز کے اوور اسٹافنگ اور انڈراسٹافنگ کے مسائل حل کرنے ہیں۔

اجلاس میں سیکریٹری بلدیات نے بتایا کہ 1953 لوکل کونسلز ہیں جن کو سندھ حکومت 5 لاکھ روپے ماہانہ دیتی ہے ، وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہی دی گئی کہ لوکل باڈیز کے بجلی بل، تنخواہوں اور پینشن کا بل بھی سندھ حکومت ادا کرتی ہے ۔

جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے سیکریٹری بلدیات کو ڈسٹرکٹ کونسل ،کے ایم سی اور 6 ڈی ایم سیز کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ہر ماہ کا بل کس طرح دے سکتی ہے،ان اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا پڑے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر توانائی، وزیر بلدیات، سیکریٹری بلدیات اور سیکریٹری خزانہ پر مشتمل کمیٹی قائم کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ کمیٹی کو تمام لوکل باڈیز کے مسائل حل کرنا ہونگے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت لوکل باڈیز ، واٹر بورڈ، واسا وغیرہ کے بلز اس لیے ادا کرتی ہے تاکہ شہریوں کو مشکلات نہ ہوں لیکن یہ بلز ان اداروں کو خود ادا کرنے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سال2014-19 تک سندھ حکومت نے لوکل باڈیز کے 22 بلین روپے کے بل ادا کیے ہیں لہٰذہ اب وقت آگیا ہے کہ لوکل باڈیز اپنے بھی ذرائع پیدا کریں، اپنی ٹیکس کلیکشن کے نظام اور ٹرانسپورٹ کو بہتر کرے۔

تازہ ترین