صوابی میں انسداد پولیو مہم کے دوران نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی، واقعے میں ایک لیڈی ہیلتھ ورکر جاں بحق اور دوسری زخمی ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی پر موجود 2 پولیس اہلکاروں سے تحقیقات کی جارہی کہ انہوں نے جوابی کارروائی کیوں نہیں کی۔
پولیس کے مطابق 5روزہ انسداد پولیو مہم کے پہلے روز صوابی کے علاقے پرمولی میر علی میں لیڈی ہیلتھ ورکرز بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہی تھیں کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے لیڈی ہیلتھ ورکر شکیلہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
غنچہ نامی لیڈی ہیلتھ ورکر زخمی ہوئیں، جنہیں فوری طبی امداد کے بعد پشاور کے اسپتال بھجوا دیا گیا۔
پولیس کے مطابق سیکیورٹی پر موجود 2 پولیس اہلکاروں سے تحقیقات کی جارہی کہ انہوں نے نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف جوابی کارروائی کیوں نہیں کی؟
دوسری طرف ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کا کہنا ہے کہ ضلع میں انسداد پولیو مہم بدستور جاری ہے۔