• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شبر زیدی کا طبی بنیادوں پر پھر رخصت پر جانے کا امکان

شبر زیدی کا طبی بنیادوں پر پھر رخصت پر جانے کا امکان


چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) شبّر زیدی کا طبی بنیادوں پر ایک بار پھر رخصت پر جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق شبّر زیدی کی طبیعت ناساز ہے، جس کے باعث ان کے رخصت پر جانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

شبّر زیدی نے علاج کے لیے کراچی روانہ ہونے سے قبل مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات کی اور انہیں اپنی طبی صورتحال کے بارے میں بتایا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر پیر کی صبح ڈاکٹروں سے مشاورت کریں گے، اس کے بعد وہ طبی بنیادوں پر چھٹیوں پر چلے جائیں گے۔

اس سے پہلے شبّرزیدی 6 جنوری تا 19 جنوری طبیعت کی خرابی کے باعث چھٹیوں پر تھے، ان کی غیر موجودگی میں اِن لینڈ ریونیو سروس کے ایک افسر نے بطور قائم مقام چیئرمین ایف بی آر ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔

چیئرمین ایف بی آر نے دو ہفتے کی چھٹیوں کے بعد دوبارہ دفتر آنے کے بعد کوئی معاملہ نہیں دیکھا، جس کے باعث شبّر زیدی کی بطور چیئرمین ایف بی آر رہنے کے حوالے سے غیر یقینی پائی جا رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آر متعدد اقدامات لینے کے باوجود رواں مالی سال کے ریونیو اکٹھا کرنے کے نظر ثانی شدہ ہدف 23 کھرب 67 ارب کو حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

ریونیو کلیکشن میں کمی اور حکومت کی طرف سے کی جانے والی اصلاحاتی اقدامات پر پیشرفت نہ ہونے کے سبب مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ چیئرمین ایف بی آر کو ان تمام افسران کو گھر بھیجنے کا کہہ چکے ہیں جو کارکردگی نہیں دکھا رہے۔

مشیر خزانہ نے چیئرمین ایف بی آر کو تاجروں کی رجسٹریشن اور سیلز ٹیکس ڈپارٹمنٹ میں اندراج کے منصوبے سے آگاہ کرنے کا بھی کہا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جعلی ریفنڈ اسکینڈل کےمعاملے میں ملوث ایف بی آر افسران کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

عالمی مالیاتی فنڈ کی تکنیکی ٹیم آئندہ ہفتے ایف بی آر کی ریونیو کلیکشن کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔

تازہ ترین