• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بھارت میں ٹریفک سگنل پر ہارن بجانے کی انوکھی سزا

بھارت میں ٹریفک سگنل پر ہارن بجانے کی انوکھی سزا


اگر آپ کہیں ٹریفک میں پھنس جائیں تو اس جگہ پر اپنی گاڑی کو لے کر کھڑے رہنا اور ٹریفک کے کھلنے کا انتظار کرنا ہی آپ کے لیے کسی سزا سے کم نہیں ہے۔

لیکن اگر یہی صورتحال ایک ایسے ٹریفک سگنل پر ہو، جہاں آپ کو اپنی لین کے کھلنے کے وقت کے بارے میں بھی علم ہو، لیکن پیچھے والی گاڑیاں اگر بلا وجہ ہارن بجائیں تو اس کی وجہ سے آپ کو مزید تکلیف کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایسا اکثر لوگوں کے ساتھ ہوتا ہے اور جب ان کی قوت برداشت ختم ہوجاتی ہے تو لوگ پیچھے کھڑی گاڑی جو مسلسل ہارن دے رہی ہو تو اس سے جھگڑا بھی کرنے لگتے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہونے کے امکانات مزید بڑھ جاتے ہیں۔

لیکن بھارتی شہر ممبئی کی پولیس نے اس ٹریفک جام میں لوگوں کو مسلسل ہارن کی وجہ سے پریشان کرنے والوں کے خلاف انوکھا اقدام کیا ہے۔

ممبئی پولیس نے ٹریفک سگنل پر ایک ایسا نظام نصب کیا ہے جو وہاں لوگوں کی گاڑیوں کے ہارن سے نکلنے والی آواز کی شدت کو ریکارڈ کرے گا۔

اگر کسی گاڑی کے ہارن کی شدت 85 ڈیسیبیل سے زیادہ ہوجائے گی تو ریڈ سگنل پر جو وقت چل رہا ہوتا ہے وہ دوبارہ اپنی پہلی والی پوزیشن پر چلا جائے گا اور سگنل پر کھڑی گاڑیوں کو مزید انتظار کرنا ہوگا۔

اس کی مثال ایسی ہے کہ اگر ٹریفک سگنل دوبارہ گرین ہونے یا پھر ریڈ کے ختم ہونے کے لیے اگر ایک سگنل پر90 سیکنڈز کا وقت مقرر کیا گیا ہو، اور اس سگنل پر کھڑی گاڑیاں اگر چند سیکنڈز قبل بھی ہارن کی آواز کو 85 ڈیسیبیل سے اوپر لے جائیں گی تو یہ سگنل دوبارہ 90 سیکنڈز پر چلا جائے گا اور وہاں موجود گاڑیوں کو مزید انتظار کرنا پڑے گا۔

ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر ممبئی پولیس اور ایک ایڈورٹائزنگ کمپنی کے اشتراک سے ایک ویڈیو بنائی گئی جس میں ایسا ہی ایک سگنل دکھایا گیا ہے، جسے مقامی پولیس نے ’سزا دینے والا سگنل‘ قرار دیا ہے۔

ویڈیو میں ایک پولیس افسر کہتے ہیں ’دنیا کے ہارن بجانے والے دارالحکومت میں خوش آمدید، یہاں لوگ تب بھی ہارن بجاتے ہیں جب سگنل ریڈ ہوتا ہے۔‘

پولیس افسر مزید کہتے ہیں کہ ’لوگوں کو لگتا ہے کہ وہ ہارن بجانے کی وجہ سے اس گرین سگنل کو تیزی سے ریڈ کر دیں گے۔‘

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بل بورڈ پر یہ عبارت بھی نمودار ہوتی ہے کہ ’زیادہ ہارن بجائیں، زیادہ انتظار کریں‘۔

ممبئی پولیس نے اس ویڈیو کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کیا اور ساتھ میں لکھا کہ ’ہارن بجانا ٹھیک نہیں، دیکھیں کس طرح پولیس نے ان ہارن بجانے والوں کو خاموش کروادیا۔‘

مذکورہ ویڈیو کے آخر میں پولیس افسر نے کہا کہ ’اگر آپ کو انتظار کرنا برا نہیں لگتا تو آپ آرام سے ہارن بجائیں‘۔

تازہ ترین
تازہ ترین