• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واضح پیغام ہے نئی کمیٹی سے بات نہیں کرینگے، مونس الٰہی

اسلام آباد(طارق بٹ) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بنائی جانے والی نئی تین رکنی کمیٹی سے ق لیگ مذاکرات نہیں کرے گی۔ 

ق لیگ کے رہنما چوہدری مونس الٰہی سے جب دی نیوز نے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہمارا پیغام واضح ہے۔ ہم وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر چوہدری سرور اور وفاقی وزیر شفقت محمود پر مبنی نئی کمیٹی سے بات نہیں کریں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پہلے ان وعدوں کو پورا کیا جائے جو پچھلی کمیٹی کی جانب سے کیے گئے تھے جس میں جہانگیر ترین اور پرویز خٹک بھی شامل تھے۔ ق لیگ ذرائع کا ماننا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے نئی کمیٹی کا قیام جہانگیر ترین کے اثرورسوخ کم کرنے کی علامت ہے۔ یہ پی ٹی آئی کا اندرونی معاملہ ہے۔ جب کہ ق لیگ کو اس سے کوئی غرض نہیں ہے۔ 

ق لیگ ذرائع کے مطابق، جہانگیر ترین اور پرویز خٹک نے ق لیگ کے ساتھ جو ہم آہنگی پیدا کی تھی اسے سبوتاژ کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے اس نئی صورت حال کا ذمہ دار پی ٹی آئی کے کچھ رہنمائوں کو ٹھہرایا ہے۔ 

ذرائع کا کہنا تھا کہ ق لیگ اس اتحاد کو ٹوٹنے سے بچانا چاہتی ہے۔ لیکن کچھ عناصر اس راہ میں روڑے اٹکارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، ق لیگ کے ایک اہم رہنما نے جہانگیر ترین سے اس ضمن میں بات کی ہے جو اس وقت بیرون ملک ہیں۔ 

جہانگیر ترین نے انہیں بتایا ہے کہ انہیں اس نئی پیش رفت کا علم نہیں ہے، جب وہ واپس پاکستان آئیں گے تب ہی اس بارے میں کچھ کہہ سکیں گے۔

تازہ ترین