اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ پاکستان نے پشاور میٹرو بس منصوبے (بی آر ٹی) کی تحقیقات کا حکم معطل کرتے ہوئے بی آر ٹی منصوبے کی مجموعی لاگت اور تکمیل کی تفصیلات طلب کر لیں۔
عدالت نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ کب پایہ تکمیل تک پہنچے گا؟ منصوبے کی تکمیل کی ابتدائی تاریخ کیا تھی آگاہ کیا جائے۔
پیر کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بی آر ٹی تحقیقات رکوانے کیلئے کے پی حکومت کی اپیل پر سماعت کی۔
پشاور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو پشاور میٹرو بس منصوبے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے بی آر ٹی منصوبے کی مجموعی لاگت اور تکمیل کی تفصیلات طلب کر لیں۔
سپریم کورٹ نے کہاکہ بی آر ٹی منصوبے کی ابتدائی لاگت کتنی تھی؟ منصوبے کی تکمیل کی ابتدائی تاریخ کیا تھی آگاہ کیا جائے، بی آر ٹی منصوبہ کب پایہ تکمیل تک پہنچے گا؟ ۔
جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے کہاکہ کیا بی آر ٹی منصوبہ مکمل ہونے کی کوئی تاریخ ہے بھی یا نہیں؟ ۔ بعد ازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔