• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز کے صحت پر اثرات

انسانی جسم میں پیدا ہونے والی چربی دو طرح کی ہوتی ہے، ایک غیر صحت مند اور دوسری صحت مند۔ صحت مند چربی کی بھی دو اقسام ہوتی ہیں، ایک کا نام ’’پولی اَن سیچوریٹڈ فیٹ‘‘ جبکہ دوسری کا نام ’’مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹ‘‘ہے۔ اس مضمون میں مونواَن سیچوریٹڈ فیٹ پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

مونواَن سیچوریٹڈ فیٹ کیا ہے؟

مونواَن سیچوریٹڈ فیٹ، صحت مند چربی کی ایک قسم ہے جو زیتون کے تیل، کنولا آئل، ایواکاڈو اور کچھ گری دار میووں میں موجود ہوتا ہے۔ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ، مونواَن سیچوریٹڈ فیٹ کے طبی لحاظ سے کئی فوائد ہیں۔ صحت مند قرار دی جانے والی یہ چربی جسمانی وزن ، سوزش اور دل کے امراض کے خطرات کم کرنے میں معاون رہتی ہے۔ سائنسی تحقیق کی روشنی میں مونواَن سیچوریٹڈ فیٹ کے فوائد جانتے ہیں۔

ہمارے کھانوں میں شامل غذاؤں میں کئی طرح کی چربی شامل ہوتی ہے، جن کی کیمیائی بناوٹ ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہے۔ ’’اَن سیچوریٹڈ‘‘ وہ چربی ہوتی ہے، جس کی کیمیائی بناوٹ میں ’’ڈبل بانڈز‘‘ ہوتے ہیں۔ مونواَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز، اَن سیچوریٹڈ فیٹ کی ایک قسم ہے۔ لفظ ’’مونو‘‘ کے معنی ایک ہے، جس سے مراد ایسےاَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز ہیں، جن میں ’’ڈبل بانڈ‘‘ کی تعداد صرف ایک ہے۔

مونواَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز کی سب سے عام مثال ’’اولیک ایسڈ‘‘ ہے۔ غذاؤںمیں شامل 90فی صد مونواَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز ، درحقیقت ’’اولیک ایسڈ‘‘ پر مشتمل ہوتے ہیں۔ اس کی دیگر اقسام میں ’’پامیٹولیک ایسڈ‘‘ اور ’’ایکسینِک ایسڈ‘‘ شامل ہیں۔

کئی غذاؤں میں مونواَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں، تاہم زیادہ تر غذائیں مختلف اقسام کے فیٹس پر مشتمل ہوتی ہیں۔ ایسی غذائیں بہت کم ہیں، جن میں صرف ایک ہی قسم کا فیٹ موجود ہو، مثلاً زیتون کا تیل مونواَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز اور دیگر اقسام کے فیٹس سے بھرپور ہوتا ہے۔

اَن سیچوریٹڈ فیٹس پرمشتمل غذائیں، جیسے زیتون کا تیل، کمرے کے فطری درجہ حرارت پر سیال (لیکوئیڈ) رہتا ہے، جبکہ سیچوریٹڈ فیٹس پر مشتمل غذائیں جیسے مکھن اور ناریل کا تیل، کمرے کے درجہ حرارت پر اپنی ٹھوس حالت کو برقرار رکھتے ہیں۔ مختلف اقسام کے فیٹس کے انسانی صحت پر مختلف اثرات ہوتے ہیں۔ خصوصاً مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹس انسانی صحت کیلئے کئی لحاظ سے مؤثر ثابت ہوئے ہیں۔

وزن میں کمی

تمام فیٹس ایک ہی مقدار میں توانائی فراہم کرتے ہیں یعنی 9کیلوریز فی گرام، جبکہ کاربوہائیڈریٹس اور پروٹین سے فی گرام 4کیلوریز حاصل ہوتی ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اپنی غذا میں کیلوریز کم کرنے اور وزن گھٹانے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ غذا میں فیٹس کی مقدار کم کردیں۔ 

البتہ، اوسط یا اوسط سے زائد مقدار میں مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹس پر مشتمل غذائیں وزن کم کرنے میں زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہیں، بشرطیکہ حاصل کی جانے والی کیلوریز کے مقابلے میںمختلف سرگرمیوں کے ذریعے زیادہ کیلوریز جلائی جائیں۔

دل کا دوست

سائنسی تحقیق کی روشنی میں یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز کو اپنی غذا میں شامل کرکے دل کے امراض کے خطرات میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز والی غذاؤں کا استعمال دل کے امراض کے خطرات کے خلاف اس وقت خصوصاً زیادہ اثر دِکھاتا ہے، جب انہیں سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز والی غذاؤں کی جگہ استعمال کیا جائے۔ 

خون میں کولیسٹرول کی بلند سطح سے دل کے امراض ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، ایسے میں مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹس کا زیادہ استعمال خون میں کولیسٹرول اور ٹرائی گلیسرائیڈز کی سطح کو کم کرتا ہے۔

کینسر کے خلاف مفید

اس بات کے شواہد بھی ملے ہیں کہ مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز سے بھرپور کچھ غذائیں کینسر کے خطرات بھی کم کرتی ہیں۔ مثلاً، مردوں بالخصوص عمر رسیدہ افراد میں پروسٹیٹ کینسر بہت عام ہوتا ہے۔ کئی مطالعات میں کہا گیا ہے کہ وہ مرد حضرات جو اپنی غذا میں مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز سے بھرپور غذائیں استعمال کرتے ہیں، ان میں پروسٹیٹ کینسر کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔ 

تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے کیونکہ ان مطالعات میں یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز براہِ راست پروسٹیٹ کینسر کے خلاف مدافعت رکھتے ہیں یا یہ اثر دراصل ان ایسڈز پر مشتمل غذائیں کھانے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ ایک اور مطالعے میں مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز کی بریسٹ کینسر کے خلاف مزاحمت کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔

انسولین کی حساسیت میں اضافہ

انسولین آپ کے خون میں شوگر کی سطح کو قابو میں رکھنے والا ہارمون ہے، جو شوگر کو خون سے خلیوں میں منتقل کرتا ہے۔ ہائی بلڈ شوگر اور ٹائپ 2ذیابطیس کے خلاف مزاحمت کے لیے انسانی جسم میں انسولین کا پیدا ہونا انتہائی اہم ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق، جو افراد زائد مقدار میں مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز پر مشتمل غذائیں کھاتے ہیں، ان میں انسولین کی حساسیت میں اضافہ ہوجاتا ہے، چاہے وہ ذیابطیس کے مرض کا شکار ہوں یا صحت مند ہوں۔ 

162صحت مند افراد پر کی جانے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ تین ماہ تک مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز پر مشتمل غذائیں استعمال کرنے سے ان افرادکے جسم میں انسولین کی حساسیت میں 9فی صد اضافہ دیکھا گیا۔ اس کے علاوہ، مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز والی غذائیں کھانے سے انسانی جسم میں سوزش کے خلاف بھی مدافعت بڑھ جاتی ہے۔

غذائیں

پلانٹ بیسڈ غذاؤں جیسے گری دار میووں، بیجوں اور زیتون میں مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز بھرپور مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ یہ گوشت اور جانوروں سے حاصل ہونے والی غذاؤں میں بھی پائے جاتے ہیں، تاہم پلانٹ بیسڈ غذائیں اس کا مؤثر ذریعہ مانی جاتی ہیں۔ 

100گرام (ساڑھے تین اونس) کی مختلف غذاؤں سے جس مقدار میں مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز حاصل ہوتے ہیں، وہ کچھ یوں ہیں۔ زیتون کا تیل (73.1گرام)، بادام (33.6گرام)، کاجو (27.3گرام)، مونگ پھلی (24.7گرام)، پستہ (24.2گرام)، زیتون (15گرام)، ایواکاڈو (9.8گرام)، سورج مکھی کا بیج (9.5گرام) اور انڈہ (4گرام)۔

تازہ ترین